"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور کراچی سے احمد ذوہیب

عمران خان اب بری طرح
پھنس چکا ہے: شرجیل میمن
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ ''عمران خان اب بری طرح پھنس چکا ہے‘‘ لیکن وہ شاید اس سے نکل جائے گا کیونکہ بری طرح سے کیا ہوا کام کبھی مثبت نتائج نہیں دیتا۔ اس لیے اگر موصوف کو پریشانی اور دقت پہنچانا مقصود تھا تو اچھی طرح پھنسانا چاہیے تھا جیسے کہ ہمارے لیڈروں کو اچھی طرح سے پھنسایا گیا تھا اور وہ جیل سے گیارہ سال تک باہر ہی نہ آ سکے تھے؛ اگرچہ انہیں مردِ حر جیسے خطابات بھی دیے گئے لیکن اس میں بھی کنجوسی سے کام لیا گیا کیونکہ ان کی قربانیوں کا صحیح طور اندازہ لگانے کی کوشش ہی نہیں کی گئی۔ آپ اگلے روز کراچی میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
عدلیہ پر حملہ (ن) لیگ کو
وراثت میں ملا ہے: شیخ رشید
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ''عدلیہ پرحملہ (ن) لیگ کو وراثت میں ملا ہے لیکن اس بار اسے دیگیں پکوا کر کارکنوں کے لیے نہیں لانی پڑیں‘ اس لیے یہ اسے کافی سستا پڑا ہے جو اس کی کفایت شعاری کی علامت ہے جبکہ ویسے بھی خلافِ معمول اس دفعہ اقتدار میں آ کر اسے کچھ حاصل وصول نہیں ہو رہا جبکہ پچھلی جمع پونجی میں سے بھی کافی خرچ ہو رہا ہے اور وہ اقتدار میں آنے پر پہلی دفعہ پچھتا رہی ہے کہ یہ ایک گناہِ بے لذت تھا اور جس کی سزا بھی مل کر رہنی ہے۔ آپ اگلے روز راولپنڈی میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
تم پاکستانی کہلانے کے لائق ہو؟: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی، نواز لیگ کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے عمران خان کو مخاطب کر کے کہا ہے ''تم پاکستانی کہلانے کے لائق ہو!‘‘ جبکہ اپنے ادوارِ حکومت میں اتنا کچھ کیا کہ پانچ براعظموں میں اپنی شان و شوکت کی داستانیں رقم کیں اور لندن کو اپنا دوسرا گھر بنا لیا لیکن اپنے آپ کو پھر بھی پاکستانی سمجھتے ہیں بلکہ ملک کے اندر کچھ اور لوگ بھی ہیں جو ہمیں پاکستانی سمجھتے ہیں کیونکہ جو کچھ کیا تھا، چوری چھپے نہیں بلکہ سب کے سامنے کیا تھا اور ہم آج بھی سب کے سامنے ہیں اور کوئی ہماری طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔
پی ٹی آئی کو کالعدم کرانے کے لیے
پورا جال بُنا گیا: صداقت عباسی
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی نے کہا ہے کہ ''پی ٹی آئی کو کالعدم کرانے کے لیے پورا جال بُنا گیا ہے‘‘ جیسے پی ٹی آئی مچھلی ہو جسے اس طرح پکڑ لیں گے جبکہ یہ ایک وہیل مچھلی ہے اور جال کو توڑ کر بھی نکل سکتی ہے، اس لیے اس کام میں کامیابی کے لیے کوئی مناسب اور بہتر منصوبہ بنایا جائے تو بات بن سکتی ہے مثلاً اس کے ٹکٹ ہولڈرز کا کوئی ایسا بندوبست کیا جائے کہ وہ جیت نہ سکیں کیونکہ پارٹی کالعدم ہو جانے کے بعد بھی یہ لوگ کامیاب ہو جائیں گے اور کالعدم قرار پا جانے کے بعد بھی ان کا کچھ نہیں بگڑے گا۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں شریک تھے۔
عمران خان سے رسیدیں مانگیں تو
ہر شے جلا ڈالی: احسن اقبال
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور مسلم لیگ نواز کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ ''عمران خان سے رسیدیں مانگیں تو ہر شے جلا ڈالی‘‘ اگرچہ پچھلے دور میں ایل ڈی اے پلازہ اور میٹرو بس منصوبے کا ریکارڈ جل گیا تھا اور محسوس ہوتا ہے کہ عمران خان نے اس کی نقل کی ہے حالانکہ وہ مختلف ایشو ہے، نیز دوسروں کی نقل کرنے کے بجائے کوئی اپنا طریقہ اختیار کرنا چاہیے تھا، اس سے بہرحال ہماری برتری ثابت ہو گئی ہے کہ نت نئی اختراع ہمارا ہی اسلوب ہے اور ہماری پیروی سے اسے ہماری برتری تسلیم کر لینی چاہیے اور آئندہ اگر کوئی ایسا کام کرنا ہو تو ہم سے مشورہ کر لینا چاہئے کہ ہم مکمل طور پر حاضر و دستیاب ہیں۔ آپ اگلے روز نارووال میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں کراچی سے احمد ذوہیب کا تازہ کلام:
جتنے دکھائی دیتے ہیں اتنے بھی خوش نہیں
میرا تماشا دیکھنے والے بھی خوش نہیں
تم مجھ سے خوش نہیں ہو تو حیرت نہیں مجھے
مجھ سے تو خیر سے مرے اپنے بھی خوش نہیں
مجھ کو ملا ہے ایسا دلِ بد مزاج جو
یارانِ خوش خصال سے مل کے بھی خوش نہیں
میں بھی اداس بیٹھا ہوں بہتی ندی کے پاس
اڑتی ہوا کے ساتھ پرندے بھی خوش نہیں
تجھ کو لگا رہا ہوں گلے سے اگر‘ تو لگ !
لوگوں کو چھوڑ‘ لوگ تو ویسے بھی خوش نہیں
٭......٭......٭
ہر کسی سے نہ چھیڑ چھاڑ لگا
سرحدِ دل پہ ایک باڑ لگا
اس نے زلفوں میں پھول ٹانکا تو
یہ اضافہ مجھے بگاڑ لگا
میرے رہبر تو دیکھتے رہ گئے
جب دوبارہ مرا جگاڑ لگا
غم کوئی دن کی واردات نہیں
رفتہ رفتہ ہی یہ پہاڑ لگا
اک محبت کو منتخب کر لے
اور کونے میں سب کباڑ لگا
اس کی آنکھوں نے رنگ بدلا تو
منظرِ زندگی اجاڑ لگا
آج کا مطلع
خوشی ملی تو یہ عالم تھا بدحواسی کا
کہ دھیان ہی نہ رہا غم کی بے لباسی کا

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں