"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں ، متن اور سیالکوٹ سے زبیر خیالی

مشکل سے نکل آئے‘ بجٹ حالات
کے مطابق ہوگا: وزیر خزانہ
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ''مشکل سے نکل آئے‘ بجٹ حالات کے مطابق ہوگا‘‘ اور حالات جیسے ہیں‘ سب کو صاف نظر آ رہا ہے، اس لیے بجٹ پر توقعات باندھنے سے پہلے حالات پر ایک نظر ڈالنا بے حد ضروری ہے کیونکہ ترسیلاتِ زر میں خاصی کمی آ رہی ہے، ادھر آئی ایم ایف نے ناک میں دم کر رکھا ہے، مہنگائی بھی کہیں تھمنے کا نام نہیں لے رہی، ڈیفالٹ کا خطرہ بھی سر پر کھڑا ہے اور سیاسی محاذ پر بھی کوئی مناسب بندوست نہیں ہو پا رہا جبکہ تمام ملکوں نے امداد اور قرض دینے سے بھی انکار کر دیا ہے، یعنی ع
جن پہ تکیہ تھا وہی پتّے ہوا دینے لگے
ایسے حالات میں بخوبی بجٹ کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایف بی آر کے عہدیداروں سے خطاب کر رہے تھے۔
ٹکٹ کی یقین دہانی‘ جو زبان دوں
گا اس کی لاج رکھوں گا: چودھری سرور
مسلم لیگ (ق) کے چیف آرگنائزر اور سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ ''ٹکٹ کی یقین دہانی‘ جو زبان دوں گا اس کی لاج رکھوں گا‘‘ اور سب سے پہلے تو میں ٹکٹ مانگنے والوں کے حوصلے کی داد دیتا ہوں اور انہیں مبارک باد پیش کرتا ہوں جن میں زیادہ تر تحریک انصاف چھوڑنے والے ہیں اور ان کے اس فیصلے کو مدنظر رکھتے ہوئے ووٹرز ان کی جو آؤ بھگت کریں گے وہ سب پر عیاں ہے جس کے پیش نظر ان کی جرأت اور دلیری کی داد دینا بنتی ہے لیکن حالات ذرا نارمل ہونے پر وہ واپسی کا راستہ بھی اختیار کر سکتے ہیں۔ آپ اگلے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
سابق وزیراعظم لکیر پیٹ رہے‘ اب
مذاکرات کا ماحول نہیں: قمر زمان کائرہ
وزیراعظم کے مشیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ''عمران خان لکیر پیٹ رہے‘ اب مذاکرات کا ماحول نہیں‘‘ کیونکہ جن عہدیداروں کو وہ مذاکرات کے لیے نامزد کرتے ہیں وہ تو پارٹی سے نکل جاتے ہیں اور انہیں لکیر پیٹنے کے لیے چھوڑ جاتے ہیں، نیز ماحول اس قدر خراب ہو چکا ہے کہ مذاکرات کے لیے سازگار ہی نہیں جبکہ عمران خان صرف انتخابات کے لیے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں جو موجودہ صورتحال میں بالکل بھی سوٹ نہیں کرتے اور مذاکرات کر کے ایک ٹلی ہوئی بلا کو دوبارہ اپنے سر پر مسلط کرنا کسی بھی طور عقلمندی نہیں ہے‘ اس لیے مذاکرات سے صاف انکار ہے۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں اظہارِ خیال کر رہے تھے۔
بجٹ میں مہنگائی کم نہ ہوئی تو
احتجاج کریں گے: سراج الحق
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ''بجٹ میں مہنگائی کم نہ ہوئی تو احتجاج کریں گے‘‘ اگرچہ یہ وہ کام ہے جو ہم روزِ اول ہی سے کرتے چلے آ رہے ہیں لیکن کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی اس لیے اب حکومت کے خلاف دعائیں کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے کیونکہ اگر ہماری اپنے حق میں دعائیں قبول نہیں ہو رہیں تو شاید حکومت کے خلاف ہی قبول کر لی جائیں جس کی ہمیں پوری پوری امید بھی ہے اور اگر یہ بھی قبول نہ ہوئیں تو کوئی اور ٹوٹکا کرنے کی کوششیں کی جائے گی کیونکہ انسان کا کام صرف کوشش کرنا ہے جو ہم شروع سے کر رہے ہیں۔ آپ اگلے روز اسلامک ہومیو پیتھک میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کر رہے تھے۔
کچھ جج (ن) لیگ کو انصاف دینے
کے خواہاں ہیں: جاوید لطیف
مسلم لیگ نواز کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ''کچھ جج(ن) لیگ کو انصاف دینے کے خواہاں ہیں‘‘ اس لیے کوشش کی جائے کہ ان کے لیے راہ جلد از جلد ہموار کی جائے؛ اگرچہ اس کی کوششیں پہلے ہی کی جا رہی ہیں لیکن وہ کافی نہیں ہیں اس لیے ان میں تیزی لانا ضروری ہے، پیشتر اس کے کہ وہ اپنا ارادہ بدل لیں کیونکہ وقت پر کسی چیز کا فائدہ اٹھا لینے ہی میں عقلمندی ہے جیسا کہ اب تک سارے فائدے عقلمندی ہی سے اٹھائے ہیں، اس لیے اپنی درخشندہ روایات پر عمل کرنے کی پالیسی کو برقرار رکھنا چاہیے۔ آپ اگلے روز سرگودھا میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں سیالکوٹ سے زبیر خیالی کی غزل:
بوئے خلوص‘ عظمتِ انسان کھینچ کر
سینے سے کون لے گیا ایمان کھینچ کر
کرتا ہے اُن کے رزق کا وہ اہتمام خود
لاتا ہے گھر ہمارے جو مہمان کھینچ کر
اُن کا عجب یہ طرزِ نصیحت تو دیکھیے
سمجھا رہے ہیں مجھ کو گریبان کھینچ کر
لگتا ہے ان سے اپنا تعلق ضرور ہے
لے آتے ہیں جو دشت و بیابان کھینچ کر
اے عقلِ خام تُو کبھی آ روبرو مرے
تیری خبر میں لوں گا ترے کان کھینچ کر
شاید کوئی رمق ہو محبت کی قلب میں
لے آیا ہے مجھے یہی امکان کھینچ کر
پروردگار ایسا مسیحا زمیں پہ بھیج
لے جائے اِس وطن سے جو بحران کھینچ کر
یوں سوئے حشر لاؤ کہ لاتے ہیں جس طرح
دربار میں اسیر کو دربان کھینچ کر
اُس شخص کا لگاؤ خیالیؔ کوئی سراغ
جو تن سے لے گیا ہے دل و جان کھینچ کر
آج کا مطلع
یہاں کسی کو بھی کچھ حسبِ آرزو نہ ملا
کسی کو ہم نہ ملے اور ہم کو تُو نہ ملا

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں