"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں ، متن اور تازہ غزل

کسی کو بھی ملکی خزانے کو نقصان
پہنچانے نہیں دیں گے: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''کسی کو بھی ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے نہیں دیں گے‘‘ کیونکہ ملکی خزانے کے محافظ ہم ہیں اور ہم سے زیادہ ملکی خزانے کی حفاظت کون کر سکتا ہے جبکہ اپنے ہر دورِ حکومت میں یہی کام کیا ہے اور جو ملکی خزانے کو بھی اچھی طرح سے یاد ہے اور وہ ہر بار ہمارا منتظر رہتا ہے اور اب بھی ہے لیکن اب اس کی حالت اس قدر پتلی ہے لیکن اس کی حفاظت میں کوئی خاص فرق نہیں آ رہا اور اگر پہلے اس بات کا علم ہوتا تو اقتدار میں آنے کی غلطی کبھی نہ کرتے لیکن ع
اب پچھتائے کیا ہوت جب چڑیاں چُگ گئیں کھیت
آپ اگلے روزفاروق چیمہ اور ریاض الحق وغیرہ سے ملاقات کر رہے تھے۔
متوسط لوگ ہمیں جوائن کریں: چودھری سرور
مسلم لیگ (ق) کے چیف آرگنائزر اور سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ ''متوسط لوگ ہمیں جوائن کریں‘‘ تاکہ الیکشن میں ضمانت ضبط ہونے کا تجربہ کر سکیں کیونکہ کچھ بھی ہو جائے ایک عفریت سب کو صاف نظر آ رہا ہے اس لیے حکومت کو اُس کے ساتھ ساتھ عوام کا بھی کوئی بندوبست کرنا چاہیے تھا جو ابھی تک اندھیروں میں ڈوبے ہوئے ہیں، اور راہِ راست پر آنے کا نام تک نہیں لے رہے بلکہ جن لوگوں نے پی ٹی آئی کو چھوڑا ہے، ان کا بھی کوئی اعتبار نہیں ہے کہ اپنے اصلی چہرے کے ساتھ پھر سامنے نہ آ جائیں۔ آپ اگلے روز لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
قرضہ ہے تو ہزاروں کھرب
کے اثاثے بھی ہیں: وزیر خزانہ
وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ ''اگر قرضہ ہے تو ہزاروں کھرب کے اثاثے بھی ہیں‘‘ اس لیے گھبرانے کی کوئی بات نہیں کیونکہ قرضے اتارنے کے لیے تو جو اثاثے برطانیہ، نیوزی لینڈ، عرب امارات وغیرہ میں ہیں، وہی کافی ہیں لیکن چونکہ اچھے دنوں کی یادگاریں ہیں اس لیے انہیں نہیں چھیڑا جائے گا اور دیگر اثاثہ جات جن سے ملک بھرا پڑا ہے، انہی سے کام چلایا جا سکتا ہے کیونکہ اثاثے تو بنتے ہی رہتے ہیں، نیز ان اثاثوں کا بوجھ ملک پر سے جتنا بھی اتارا جا سکے، اتنا ہی کم ہے کیونکہ انہیں نظر بد لگنے کا بھی اندیشہ موجود ہے۔ آپ اگلے روز غیر ملکی سفیروں سے ملاقات کر رہے تھے۔
پارٹی چھوڑ چکا، چیئرمین کو کوئی
مشورہ نہیں دوں گا: محمود مولوی
پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما محمود مولوی نے کہا ہے کہ ''میں پارٹی چھوڑ چکا، چیئرمین کو کوئی مشورہ نہیں دوں گا‘‘ کیونکہ مشوروں کی بدولت ہی اس حالت کو پہنچے ہیں اس لیے مزید مشورے دے کر ان کی حالت اس سے زیادہ خراب نہیں کرنا چاہتا؛ تاہم اگر میرے مشوروں کا اب بھی کوئی طلبگار ہے تو میں ہر طرح سے حاضر ہوں کیونکہ میں نے پارٹی چھوڑی ہے، مشورے دینا نہیں جبکہ ویسے بھی اب مجھ سے مشورہ طلب کرنے والا کوئی ہے ہی نہیں جو ان سے فائدہ اٹھا سکے۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں اظہار خیال کر رہے تھے۔
عنقریب گھر کے لوگ بھی چھوڑ دیں گے: منظور وسان
مشیرِ وزیراعلیٰ سندھ اور پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے کہا ہے کہ ''عنقریب گھر کے لوگ بھی چھوڑ دیں گے‘‘ اور اگر اُن کا ایسا ارادہ نہیں بھی ہے تو وہ کم از کم میری پیشگوئی ہی کی لاج رکھ لیں جو کہ مسلسل غلط ثابت ہو رہی ہیں حتیٰ کہ میں نے یہ کام چھوڑنے کا بھی ارادہ کر لیا ہے، بیشک بے روزگار ہی کیوں نہ ہو جاؤں کیونکہ حکومت نے مجھے یہی کام تفویض کیا ہوا ہے لیکن آدمی کا وقار بھی کوئی چیز ہوتی ہے جس میں حال ہی میں کمی واقع ہو چکی ہے اور لوگ پیش گوئیوں کے غلط ہونے پر تُل گئے ہیں اس لیے اب روزگار بھی کوئی اورہی تلاش کرنا پڑے گا۔ آپ اگلے روز کراچی میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں اس ہفتے کی تازہ غزل:
لمحہ کوئی ایسا بھی لگاتار سے نکلے
در سا کوئی جیسے کسی دیوار سے نکلے
میں کون ہوں، تو کون ہے اور کیوں ہوئے یکسو
دونوں ہی نہیں اب تک اس اَسرار سے نکلے
کچھ بیچنے آئے تھے کہ ہو کوئی خریدار
کچھ بھی نہ سمجھ آئی تو بازار سے نکلے
ہے اتنا اندھیرا کہ سجھاتا نہیں کچھ بھی
بجلی ہی کوئی ابرِ گراں بار سے نکلے
معلوم ہے اس شہر کو مرنا تو ہمارا
سرخی ہی کوئی آج کے اخبار سے نکلے
دریا سے تعلق تھا ہمارا بھی پرانا
کچھ آر نظر آئے نہ ہم پار سے نکلے
رہتی تھی جہاں آؤ بھگت خوب ہماری
نکلے تو وہاں سے بڑی رفتار سے نکلے
کچھ راز جو معلوم نہیں تھے مجھے خود بھی
ایسے بھی مری خاکِ خبردار سے نکلے
ہم اپنی ہی چوکھٹ پہ پڑے تھے ظفرؔ اب تک
لیکن یہ سمجھتے ہیں درِ یار سے نکلے
آج کا مطلع
تھکنا بھی لازمی تھا کچھ کام کرتے کرتے
کچھ اور تھک گیا ہوں آرام کرتے کرتے

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں