"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور ساہیوال سے مہر علی

سوشل میڈیا پر پابندی لگانے کا
آپشن موجود ہے، وزیر دفاع
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ''سوشل میڈیا پر پابندی لگانے کا آپشن ہر وقت موجود ہے‘‘ کیونکہ جہاں اتنی چیزوں پر پابندی لگائی گئی ہے‘ یہ بھی لگا سکتے ہیں اور یہ کہاں کی شرافت ہے کہ جن کی خاطر باقی سبھی پابندیاں لگائی گئی ہیں، سوشل میڈیا انہی کے صدقے واری جا رہا ہے اور دھڑا دھڑ انٹرویوز اور تقریریں بھی نشر کرتا چلا جا رہا ہے جس سے لوگوں نے باقی چیزوں کو دیکھنا ہی بند کردیا ہے اور اس طرح سینوں پر دن رات مونگ دلا جا رہا ہے حالانکہ مونگ دَلنے کے لیے ملک بھر میں لاتعداد چکیاں موجود ہیں اور جس سے سینوں کی حالت بھی خراب ہوتی جا رہی ہے۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کر رہے تھے۔
آصف زرداری‘ نوازشریف کی باضابطہ
ملاقات نہیں ہوئی: فیصل کریم کنڈی
پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ''آصف زرداری اور نوازشریف میں کوئی باضابطہ ملاقات نہیں ہوئی‘‘ البتہ بے ضابطہ ملاقاتیں تو ہوتی ہی رہتی ہیں کیونکہ ایسی ملاقاتوں میں جو فیصلے کیے جاتے ہیں ان کا کسی ضابطے سے کوئی تعلق نہیں ہوتا جبکہ ملک عزیز میں کوئی ضابطہ پہلے بھی نہیں رہ گیا تو کسی باضابطہ چیز کا تو امکان اور سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ نیز اسی وجہ سے کوئی باضابطہ ملاقات یا کام کرنے کا سوچا بھی نہیں جا سکتا کیونکہ جب بے ضابطہ طریقوں سے سارے معاملات آسانی سے طے ہوتے جا رہے ہوں تو باضابطہ کے تکلف میں پڑنے کی کیا ضرورت ہے جبکہ اس کا کوئی رواج تک باقی نہ رہا ہو اور بے ضابطگی باقاعدہ ہمارے شعور کا حصہ بن چکی ہو۔ آپ اگلے روز لاہور میں ایک نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں شریکِ گفتگو تھے۔
ہم نے معیشت کی درست سمت
کا تعین کردیا: رانا تنویر
مسلم لیگ نواز کے رہنما رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ''ہم نے معیشت کی درست سمت کا تعین کر دیا ہے‘‘ اب یہ معیشت پر منحصر ہے کہ وہ اس درست سمت میں قدم آگے بڑھاتی ہے یا نہیں کیونکہ وہ مرضی کی مالک ہے اور ہماری باتوں پر کم ہی توجہ دیتی ہے جبکہ ویسے بھی جو سلوک اس کیساتھ ہو رہا ہے‘ اس کے پیش نظر وہ دانت ہی پیستی رہتی ہے حالانکہ نیت بالکل صاف تھی لیکن بقول شخصے جو فیصلے تباہی کا باعث بنتے ہیں‘ وہ سارے کے سارے نیک نیتی ہی سے کیے جاتے ہیں؛ تاہم یہ بھی غنیمت سمجھا جائے کہ ہم نے اس کی درست سمت کا تعین کر دیا ہے‘ آگے اس کی اپنی مرضی ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں ایک قومی روزنامہ کے ایک پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے۔
بچپن میں کاجول اور شاہ رخ نے
دل توڑ دیا تھا: امر خان
پاکستانی اداکار امر خان نے کہا ہے کہ ''بچپن میں کاجول اور شاہ رخ نے دل توڑ دیا تھا‘‘ اگرچہ میں کوئی زیادہ چھوٹی بھی نہیں تھی لیکن اپنے آپ کو کم عمر ہی سمجھتی تھی جبکہ کاجول نے جو میرا دل توڑا تھا وہ شاہ رخ ہی کی معرفت توڑا تھا کیونکہ وہ خود شاہ رخ کی گرویدہ تھی مگر میری ایک نہ چلنے دی جبکہ اس کو بھی اپنے کیے کی سزا مل گئی جب اسے شاہ رخ خان کی شادی کا علم ہوا اور یوں اس کے خواب بھی چکنا چور ہو گئے کیونکہ جو کسی کا برا سوچتا ہے اس کی سزا اسے اپنے آپ ہی مل جاتی ہے۔ آپ اگلے روز ایک ٹی وی پروگرام میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہی تھیں۔
بچے کتنے ہوں‘ یہ فیصلہ بیگم نے کرنا ہے: یاسر حسین
اداکار، لکھاری اور ہدایتکار یاسر حسین نے کہا ہے کہ ''بچے کتنے ہوں‘ یہ فیصلہ میری اہلیہ اقرا ہی کریں گی‘‘ کیونکہ یہ بہرحال انہی کا کام ہے اور گھر کے معاملات میں شوہروں کو اپنی آنکھ اور سوچ کے دروازے بند ہی رکھنے چاہئیں جبکہ کامیاب زندگی کا اصول بھی یہی ہے اور اسی سے گھر کو جنت بنایا جا سکتا ہے اور جو بھی اپنی گھریلو زندگی کو خوشگوار بنانا چاہتا ہے‘ اس مشورے سے مفت میں مستفید ہو سکتا ہے۔آپ اگلے روز ایک ٹی وی شو میں گفتگو کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں ساہیوال سے مہر علی کی شاعری:
اک ستارہ مدار سے نکلا
دل مرے اختیار سے نکلا
تیری یادوں کے غار سے نکلا
قریۂ تنگ و تار سے نکلا
زرد سے سبز ہوتا جاتا ہے
اک شجر انتظار سے نکلا
رات آیا ترا خیال مجھے
اور پھر دل قرار سے نکلا
منظرِ عام سے ہوا تھا دور
سو میں سب کے شمار سے نکلا
موت کچھ بھی نہیں ہے اُس کے لیے
جو سمے کے حصار سے نکلا
٭......٭......٭
شہر کی بے چراغی مٹانی پڑی
آگ اپنے ہی گھر کو لگانی پڑی
صرف تجھ کو منانے کی خاطر مجھے
پھول سے ایک تتلی اڑانی پڑی
رات بھر چاند دیکھا سرِ آسماں
پھر بھی تصویر تیری بنانی پڑی
تیری دنیا سے باہر نکلنے کے بعد
اک نئی دنیا مجھ کو بنانی پڑی
مدتوں بعد جب گھر سے نکلا تھا میں
شام ناراض تھی سو منانی پڑی
آج کا مطلع
تجھ کو میری نہ مجھے تیری خبر جائے گی
عید اب کے بھی دبے پاؤں گزر جائے گی

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں