"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور اوکاڑہ سے افتخار احمد

(ن) لیگ کی الیکشن مہم کی قیادت
نوازشریف کریں گے: مصدق ملک
وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ ''(ن) لیگ کی الیکشن مہم کی قیادت نوازشریف ہی کریں گے‘‘ جس سے پہلے جمہوریت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہوگا جن میں سرفہرست پی ٹی آئی اور اس کے چیئرمین ہیں‘ جن کا بندوبست بے حد ضروری ہے کیونکہ پی ٹی آئی اور اس کی قیادت‘ دونوں جمہوریت اور امن دشمن ہیں جبکہ نوازشریف امن پسند آدمی ہیں اور ایسی سیاست وہ ہر گز پسند نہیں کرتے کیونکہ ایسی جماعت کے خلاف الیکشن لڑنے کیلئے انہیں خود بھی ویسا ہی ہونا پڑے گا جس کے لیے وہ ہر گز تیار نہیں ہیں اور انہوں نے زندگی بھر جو کچھ بھی کیا‘ پُرامن رہ کر ہی کیا ہے، اسی لیے قدرت بھی ان کے کاموں میں برکت ڈالتی رہتی ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
چند روز تک مستقبل کا فیصلہ کروں گا: پرویز خٹک
پی ٹی آئی کے سابق رہنما اور سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ''چند روز تک اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کروں گا‘‘ کیونکہ میرے سامنے ماضی ہے یا مستقبل ، کیونکہ حال کی حالت خاصی پتلی ہے اور ہو سکتا ہے کہ شاندار ماضی پر ہی گزارہ کرنا پڑ جائے کیونکہ اگر نیا دھڑا بھی بنائوں تو اس کے لیے کوئی دستیاب ہی نہیں کہ سارے منحرف لوگ جہاں ان کے سینگ سماتے ہیں‘ جا چکے ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ یہ فیصلہ کافی مہنگا پڑے گا اور حال وہی ہوگا کہ:
نہ خدا ہی ملا نہ وصالِ صنم
نہ اُدھر کے رہے نہ اِدھر کے رہے
آپ اگلے روزنوشہرہ میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
مسلم لیگ (ن) کا وژن نوجوانوں
کو بااختیار بنانا ہے: حنا پرویز
سابق رکن پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ نواز کی یوتھ کوآرڈینیٹر حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ ''مسلم لیگ (ن) کا وژن نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے‘‘ لیکن اس کے لیے خاص احتیاط سے کام لینا ہوگا کیونکہ تقریباً سارے کے سارے نوجوان ہی مخالف صفوں میں شامل ہیں اور کہیں ایسا نہ ہو کہ جنہیں بااختیار بنائیں وہ کل کو ہمیں ہی بے اختیار کرنا شروع کر دیں؛ اگرچہ نوجوان نسل پہلے ہی پوری طرح سے بااختیار ہے اور اسے مزید کسی اختیار کی ضرورت نہیں ہے؛ تاہم ایسے نوجوانوں کی ایک فہرست بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے جن کا کردار اس حوالے سے مشکوک نہیں ہے اور وہ آگے چل کر دھوکا نہیں دیں گے۔ اگرچہ وہ بہت ہوشیار ہیں اور بالکل بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔ آپ اگلے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔
شادی کروں گی تو اسے ہرگز نہیں چھپائوں گی: ثنا
فلم سٹار ثنا نے کہا ہے کہ''دوبارہ شادی کی تو اسے ہرگز نہیں چھپائوں گی‘‘جبکہ شادی ویسے بھی کب چھپی رہ سکتی ہے کیونکہ شوبز سے متعلقہ لوگ عام طور پر بڑے چغل خور ہوتے ہیں اور حسد کے سبب بھی ایسا کرتے ہیں کیونکہ دوبارہ شادی کرنا ہر کسی کے نصیب میں کہاں ہوتا ہے بلکہ پہلی شادی کے لیے بھی کئی پاپڑ بیلنا پڑتے ہیں۔ دوسری شادی تو پھر دوسری ہوتی ہے جبکہ میں تو ابھی لوگوں کے صرف انٹرویو ہی کر رہی ہوں جن میں زیادہ تر ایسے لوگ شامل ہیں جو خود بھی دوسری شادی کرنا چاہتے ہیں کیونکہ ؎
کند ہم جنس باہم جنس پرواز
کبوتر با کبوتر، باز با باز
آپ اگلے روز لاہور میں اپنی دوستوں کے ساتھ گفتگو کر رہی تھیں۔
لائف پارٹنر کا رویہ ہمدردانہ ہونا چاہئے: سونیا حسین
اداکارہ سونیا حسین نے کہا ہے کہ ''لائف پارٹنر کا رویہ ہمدردانہ ہونا چاہئے‘‘ اور شادی سے پہلے ہر طرح کی چھان بین کر لینی چاہئے کیونکہ اکثر افراد از حد جذباتی ہوتے ہیں اور چھوٹی موٹی غلطیوں پر پیار سے سمجھانے کی بجائے مار کٹائی شروع کردیتے ہیں حالانکہ انسان غلطی کا پتلا ہوتا ہے اور غلطی تو ہو ہی جاتی ہے جبکہ ماحول بھی ایسا ہی ہوتا ہے کہ غلطی کا احتمال زیادہ ہوتا ہے؛ تاہم اس پر مشتعل ہونے کے بجائے ہمددری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ آپ اگلے روز لاہور میں میڈیا سے بات چیت کر رہی تھیں۔
اور‘ اب آخر میں اوکاڑہ سے افتخاراحمد کی غزل:
یہ جو اک رنج کی ارزانی ہے
یہ فقیری ہے کہ سلطانی ہے
ہر کوئی قیس بنا پھرتا ہے
عشق میں اتنی ہی آسانی ہے
اس کو آئینہ بناتے کیونکر
جس کی تقدیر میں حیرانی ہے
پھیل جائے نہ ترے سینے تک
گوشۂ دل میں جو ویرانی ہے
دونوں تمثیل ہیں سسکاری کی
نوحہ خوانی کہ غزل خوانی ہے
دشت ٹھہرا ہے مری آنکھوں میں
اور لگتا ہے رواں پانی ہے
وقت تھوڑا ہے مہ و انجم کا
میرا قصہ بڑا طولانی ہے
ہوک ایسی بھی دبی ہے دل میں
جو ترا عرش ہلا جانی ہے
آپ کہتے ہیں خموشی جس کو
بے زبانوں کی زباں دانی ہے
تیری آسانی پہ کب مشکل تھی
میری مشکل میں جو آسانی ہے
آج کا مقطع
جو رہ گئی ہے یہ ایک آنچ کی کسر تو ظفرؔ
وہ زرگری تھی کسی کیمیا کے ہونے سے

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں