قوم کی دعائوں سے پاکستان عالمی مالیاتی
فنڈ کے امتحان سے نکلا: شہبازشریف
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ''قوم کی دعائوں سے پاکستان عالمی مالیاتی فنڈ کے امتحان سے نکلا‘‘ اور ابھی اس سلسلے میں عوام کی دعائوں کی مزید ضرورت ہے کہ حکومت بھی ساتھیوں اور اتحادیوں سمیت مالیاتی امتحان سے نکل سکے۔ اگرچہ عوام کو تمام کارگزاریاں اچھی طرح سے یاد ہیں؛ تاہم ان کے پاس اور کوئی چوائس بھی نہیں ہے اس لیے انہیں یہ دعائیں مانگنی ہی چاہئیں اور التماس ہے کہ دعائیں مانگنے کا سلسلہ فوری طور پر شروع کر دیں تاکہ جلد از جلد یہ دھند چھٹ سکے اور مالیاتی بحران سے نکل کر ہم درخشندہ تاریخ کو دہرا سکیں۔ آپ اگلے روز ملتان کا دورہ اور مختلف تعمیراتی کاموں کا جائزہ لے رہے تھے۔
کسی جماعت کی بی ٹیم نہیں
بنیں گے: فردوس عاشق
استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی ترجمان فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ''کسی پارٹی کی بی ٹیم نہیں بنیں گے‘‘ کیونکہ جب سی اور ڈی ٹیم کے بننے کے پورے پورے مواقع اور امکانات موجود ہیں تو کسی ٹیم کی بی ٹیم بننے کا کیا فائدہ ہے کیونکہ انسان کو وہی کام کرنا چاہیے جو اس کی حیثیت کے مطابق ہو اور چونکہ ہماری جماعت پی ٹی آئی کے منحرفین پر مشتمل ہے‘ اس لیے اپنی چادر سے پائوں باہر نہیں نکالیں گے اور پارٹی کا سائز دیکھ کر ہی اس ضمن میں کوئی فیصلہ کریں گے کیونکہ منحرفین کا بھی کوئی اعتبار نہیں ہے کہ عین وقت پر کیا کر دکھائیں۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں شریک تھیں۔
معیشت بحالی کا عمل
جاری ہے: نوازشریف
سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ ''معیشت بحالی کا عمل جاری ہے‘‘کیونکہ جب تک معیشت بحال نہ ہو‘ واپسی کیسے ہو سکتی ہے کہ معیشت کا اور ہمارا چولی دامن کا ساتھ ہے کہ جب تک معیشت مرضی اور تسلی کے مطابق نہ ہو‘ تب تک واپس آنا ایک ایسا خواب رہے گا جو کسی تعبیر کے بغیر ہوگا کیونکہ معیشت بھرپور ہو تب ہی کھل کر عوام کی خدمت کی جا سکتی ہے اور اگر میری واپسی مقصود ہے تو معیشت کو اسی طرح بحال کیا جائے جس طرح وہ سابق دور میں تھی تاکہ حسبِ سابق پورا پورا کردار ادا کیا جا سکے۔ آپ اگلے روز سعودی دارالحکومت ریاض میں لیگی عہدیداروں سے ملاقات کر رہے تھے۔
نوازشریف کو لینے جلد لندن
جائوں گا: ایاز صادق
سابق سپیکر قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ''نوازشریف کو لینے جلد لندن جائوں گا‘‘ جس میں صرف مخالفین کی گرفتاری اور پارٹی کے کالعدم قرار پانے کی دیر ہے اور جس کی تیاریاں پورے زور و شور سے جاری ہیں کیونکہ اُن کے ڈاکٹرز نے بھی واپسی کیلئے یہی شرط عائد کی ہے جبکہ جوں جوں عام انتخابات کے دن قریب آ رہے ہیں توں توں ان کی طبیعت نے اوپر نیچے ہونا شروع کر دیا ہے اس لیے جب تک سیاسی مطلع ملک میں بالکل صاف نہیں ہو جاتا اس وقت تک ڈاکٹر واپسی کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے۔
شادی محبت کی ہو یا ارینج‘ دونوں
صورتوں میں رسک ہوتی ہے: سجل علی
معروف اداکارہ سجل علی نے کہا ہے کہ ''شادی محبت کی ہو یا ارینج‘ ہمیشہ ایک رسک ہوتی ہے‘‘ کیونکہ شادی محبت کی ہو تو قدرتی طور پر وہ شادی کے بعد ختم ہو جاتی ہے اور کچھ ہی عرصے بعد زندگی روٹین پر آ جاتی ہے اور سارا خمار اتر جاتا ہے، جبکہ ارینج شادی بھی مختصر عرصے میں اپنے پر پرزے نکالنا شروع کر دیتی ہے اس لیے یہ دونوں صورتوں میں‘ چند مہینوں کے فرق سے یہ ایک ہی جیسا رسک ہے لہٰذا یہ کام خوب سوچ سمجھ کر کرنا چاہیے۔ آپ اگلے روز سوشل میڈیا پر اپنے خیالات کا اظہار کر رہی تھیں۔
اور‘ اب آخر میں رستم نامی کی تازہ غزل:
آپس کی بات ہے‘ وہ ہمارا تو ہے نہیں
ہمراہِ ماہتاب ستارا تو ہے نہیں
آیا ہے خود جو پاس تو دل سے لگا لیا
ہم نے کبھی کسی کو پکارا تو ہے نہیں
جتنا بھی دستیاب ہے مجھ کو قبول ہے
میں جانتا ہوں وہ مرا سارا تو ہے نہیں
جھیلے ہیں رنج آپ ہی صدمے اُٹھائے ہیں
اِس دل کو مشکلوں سے گزارا تو ہے نہیں
تعلیم یافتہ کو بنائے جو آدمی
انسانیت کا ایسا ادارہ تو ہے نہیں
کرتا ہے ہم سے پیار مگر بے دلی کے ساتھ
اُس نے ذرا بھی خود کو سنوارا تو ہے نہیں
جس وقت جی میں آئے ہمیں چھوڑ جائے وہ
شیشے میں ہم نے اُس کو اتارا تو ہے نہیں
نامیؔ وہ جان بوجھ کے آتا نہیں اِدھر
ورنہ زیادہ دور ہزارہ تو ہے نہیں
آج کا مطلع
مقبولِ عوام ہو گیا میں
گویا کہ تمام ہو گیا میں