"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور اوکاڑہ سے مسعود احمد

عبوری حکومت کے اختیارات پر
قانون سازی کر رہے ہیں: وزیراعظم
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ''عبوری حکومت کے اختیارات پر قانون سازی کر رہے ہیں‘‘ اگرچہ اس پر قانون سازی کی کوئی خاص ضرورت نہیں ہے کیونکہ پہلے قوانین پر کب عمل ہو رہا ہے جو اس کے لیے اتنا تردد کیا جائے؛ تاہم کچھ رسمی کارروائی تو ہونی ہی چاہئے، نیز نگران حکومت جب مناسب سمجھے گی تو اپنے کسی بھی عمل کو قانونی قرار دے سکے گی جبکہ اس کی بھی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اب تو عدلیہ بھی در گزر سے کام لے رہی ہے اور کسی کام کا کوئی خاص نوٹس بھی نہیں لیا جا رہااور فیصلوں پر عمل درآمد سے انحراف کو اب چارٹر ہی سمجھا جا رہا ہے جو ملکی مفاد کے عین مطابق بھی ہے۔ آپ اگلے روز لاہور اور شیخوپورہ میں تین صنعتی زونز کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
ڈار کے آنے کا مطلب ہے
الیکشن آگے چلا جائے گا: شیخ رشید
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ''اسحاق ڈار کو وزیراعظم بنانے کا مطلب ہے الیکشن آگے چلا جائے گا‘‘ اگرچہ حکومت کے پاس الیکشن کو آگے لے جانے کے کئی اور بھی نسخے موجود ہیں اس لیے وہ یہ کام کسی اور طریقے سے بھی کر سکتی ہے اور اگر ایسا ہوتا ہے تو شاید اسی میں سے ہماری بہتری کا بھی کوئی پہلو نکل آئے جیسے کسی نے کہا ہے کہ ؎
کسے شرے بر انگیز کہ خیر ما در آں باشد
جبکہ ہمارے لیے خیر پہلے بھی کسی نہ کسی شر ہی سے برآمد ہوتی آ رہا ہے۔ آپ اگلے روز ٹویٹر پر ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
عوام نے موقع دیا تو خدمت
کا ریکارڈ بنائیں گے: رانا ثنا
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ''اگر عوام نے موقع دیا تو خدمت کا ریکارڈ بنائیں گے‘‘ کیونکہ اب تک جو ریکارڈز قائم کیے ہیں ان کے پیش نظر مزید کوئی ریکارڈ بنانے کی گنجائش کی ضرورت نہیں ہے؛ البتہ اگر وہ ریکارڈز کسی نے توڑ دیے تو اسی طرح کے مزید ریکارڈز بھی بنائے جا سکتے ہیں۔ یار زندہ صحبت باقی! جبکہ چند ایک اتحادیوں کے علاوہ کسی میں یہ ریکارڈ توڑنے کی اہلیت دور دور تک نہیں ہے کیونکہ عوامی خدمت میں ان کا انداز بھی ہم سے ملتا جلتا ہی ہے اس لیے امید ہے کہ وہ ہمارے اور ہم ان کے ریکارڈز توڑتے رہیں گے۔ آپ اگلے روز فیصل آباد میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
مستقبل میں کمزور حکومت
نظر آ رہی ہے: شاہد خاقان
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نواز کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ''مستقبل میں کمزور حکومت نظر آ رہی ہے‘‘ کیونکہ موجودہ صورتحال میں ہماری حکومت اگر بنی بھی تو خاصی کمزور ہو گی اور اگر پی ٹی آئی کی حکومت بنی تو اسے کمزور کرنے والے پہلے ہی موجود ہوں گے کیونکہ وہ یقینا مرضی اور امیدوں کے خلاف بنے گی جبکہ الیکشن سے پہلے اگر نوازشریف نہ آئے تو مسلم لیگ کو مایوسی ہو گی اور اگر آ گئے تو شاید خود سخت مایوس ہوں گے اور دونوں میں سے ایک بات یقینی نظر آتی ہے، اُدھر ڈار صاحب کا عبوری وزیراعظم بننا بھی مشکل نظر آ رہا ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
لوگ خوا مخواہ میرے
سکینڈل بناتے رہتے ہیں: میرا
سینئر لالی وُڈ اداکارہ میرا نے کہا ہے کہ ''لوگ خوا مخواہ میرے سکینڈل بناتے رہتے ہیں‘‘اگرچہ یہ بات خوش آئند اور حوصلہ افزا ہے کہ اس عمر میں بھی سکینڈل بننے کی گنجائش موجود ہے؛ تاہم اگر سیدھے سادے طریقے سے سکینڈل بنانے کا مواد موجود ہو تو یہ کام خوا مخواہ کرنے کی کیا ضرورت ہے۔ نیز میں کئی سینئر اداکاروں کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہوں لیکن خدشہ ہے کہ ان کے ساتھ بھی کوئی نہ کوئی سکینڈل ضرور بنا دیا جائے گا، چونکہ وہ بھی میری طرح سینئر ہوں گے‘ اس لیے اگر ان کے ساتھ میرا کوئی سکینڈل بنا تو یقین ہے کہ وہ اس پر خوش ہی ہوں گے کیونکہ کافی دیر سے ویسے بھی ان کا کوئی سکینڈل نہیں بنا ہو گا۔ آپ اگلے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔
اور‘ اب آخر میں اوکاڑہ سے مسعود احمد:
کنائے کیسے نکلنے لگے اشارے سے
جڑا ہوا ہوں محبت کے استعارے سے
گھروں کو صرف محبت ہی گھر بناتی ہے
کبھی بھی بنتے نہیں ہیں یہ اینٹ گارے سے
ذرا سی دیر مرے ساتھ ہنس کے بات کرو
مجھے نکالنا مشکل نہیں خسارے سے
یہ دو دلوں کی محبت کا بوجھ سہہ نہ سکا
یہی گلہ ہے مجھے آ ج تک ہزارے سے
میں جیسے تیسے کنارے سے لگ گیا تھا مگر
اٹھا کے لے گیا دریا مجھے کنارے سے
زمین زادوں کی احسان ناشناسی پہ
گلہ درختوں کا بنتا نہیں ہے آرے سے
میں کون ہوتا ہوں پھر اس کو ٹیکنے والا
کھڑی ہوئی ہے یہ لاٹھی مرے سہارے سے
پگھل گیا تھا میں اپنے لہو کی گرمی سے
مجھے چراغ بنانے پڑے شرارے سے
کسی طرح بھی مری اس کے ساتھ بن نہ سکی
مجھے ملایا گیا جب مرے ستارے سے
آج کا مقطع
یہ اس کی مرضی کہ لے لیا ہے اسی نے واپس
ظفرؔ مری شاعری کو جس نے اثر دیا تھا

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں