"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں‘ متن اور سید عامر سہیل

اگر ملک دیوالیہ ہو جاتا تو میرے ماتھے
پر تاحیات دھبہ لگ جاتا: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''اگر ملک دیوالیہ ہو جاتا تو میرے ماتھے پر تاحیات دھبہ لگ جاتا‘‘ جبکہ اب کوئی دھبہ نہیں ہے‘ اگر کوئی تھا بھی تو نئی ترامیم کے منظور ہونے کے بعد دُھل گیا ہے اور پیشانی مکمل طور پر صاف اور روشن ہو گئی ہے بلکہ کئی دیگر زعما کی پیشانیاں بھی چاند کی طرح چمکنے لگی ہیں اور رات کے وقت ان کی چمک میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے جبکہ یہ سارے کے سارے سیاہ دھبے انتقامی کارروائیوں کے نتیجے میں لگے تھے حتیٰ کہ دور سے پیشانی نظر ہی نہیں آتی تھی لیکن وہ سارے دھبے اب قصۂ ماضی ہو کر رہ گئے ہیں۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
انتخابات دس سال بعد بھی ہوں
تو کوئی بات نہیں: راجہ ریاض
قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف راجہ ریاض احمد نے کہا ہے کہ ''انتخابات دس سال بعد بھی ہوں تو کوئی بات نہیں‘‘ کیونکہ ثابت ہو چکا ہے کہ یہ بالکل بھی خوش آئند نہیں ہوتے جبکہ 70ء کے انتخابات کے نتیجے میں مشرقی بازو ہم سے جدا ہو گیا تھا اور ہم اپنے نصف حصے سے محروم ہو گئے تھے لیکن اب ایسا کوئی صدمہ برداشت نہیں کر سکتے‘ نیز انتخابات جب بھی ہوں‘ موجودہ ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی کے دوبارہ منتخب ہونے کا امکان خاصا خستہ حال ہے کیونکہ مخالفین کا جادو ابھی تک لوگوں کے سروں پر چڑھ کر بول رہا ہے جس کا سوائے الیکشن کے التوا کے اور کوئی علاج نہیں ہے۔ آپ اگلے روز میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کر رہے تھے۔
سیلاب الیکشن ملتوی کرا
سکتا ہے: آصف کرمانی
مسلم لیگ نواز کے رہنماسینیٹر آصف سعید کرمانی نے کہا ہے کہ ''سیلاب کے سبب الیکشن ملتوی ہو سکتا ہے‘‘ اور اس کو خفیہ مدد ہی قرار دیا جا سکتا ہے جس کی وجہ سے یہ مصیبت ٹل سکتی ہے جبکہ سیلاب کے علاوہ زلزلہ بھی آ سکتا ہے جو ایک اور قدرتی امداد ہو گی اور اس طرح الیکشن کی مصیبت سے ایک طویل عرصے تک نجات حاصل ہو سکتی ہے اور حکومت کو ایک مناسب جواز بھی مل سکتا ہے۔ اگرچہ ترکی نے بدترین زلزلے کے باوجود بروقت الیکشن کرا کے ایک مثال قائم کر رکھی ہے؛ تاہم دعا ہے کہ اس جانب کسی کا دھیان نہ جائے، جبکہ محکمہ موسمیات ابھی مزید طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کر رہا ہے جبکہ بھارت بھی دریائوں میں مسلسل پانی چھوڑ رہا ہے۔ آپ اگلے روز ایک ٹی وی پروگرام میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔
نواز شریف 16ستمبر کے بعد
پاکستان آئیں گے: محمد زبیر
سابق گورنر سندھ اور مسلم لیگ نواز کے رہنما محمد زبیر نے کہا ہے کہ ''نواز شریف 16ستمبر کے بعد پاکستان آئیں گے‘‘ کیونکہ اس وقت تک بہت سی اہم شخصیات رخصت ہو چکی ہوں گی اور ملک میں ایک نیا سورج طلوع ہو چکا ہوگا اور صورتحال انتہائی اطمینان بخش اور خوف و خطر سے پاک ہو چکی ہو گی جبکہ ان کے ڈاکٹرز نے بھی 16ستمبر کے بعد انہیں وطن واپسی کی اجازت دینے کی ہامی بھر لی ہے اور اس وقت تک ان کی طبیعت کی بحالی کی نوید بھی سنا دی ہے اس لیے اب وہ ڈنکے کی چوٹ واپس آئیں گے اور کوئی طاقت انہیں واپس آنے سے نہیں روک سکتی کہ تب تک سیاسی موسم یکسر تبدیل ہو چکا ہوگا۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں شریک تھے۔
کسی سے زیادہ امیدیں نہ
لگائیں ورنہ بہت دکھ ہوگا: وینا ملک
معروف اداکارہ اور میزبان وینا ملک نے کہا ہے کہ ''کسی سے زیادہ امیدیں نہ لگائیں‘ ورنہ بہت دکھ ہوگا‘‘ بلکہ تھوڑی تھوڑی اور گزارے موافق امیدیں ہی لگانی چاہئیں اور جس سے امیدیں لگائی جانی مطلوب ہوں‘ پہلے ہی اس کے مزاج کے مطابق امیدوں کا کوٹہ مقرر کر لینا چاہئے تاکہ بدپرہیزی کی وجہ سے بعد میں دکھ اور پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ چنانچہ میں نے بھی کافی دکھ اٹھانے کے بعد اس کا علاج سوچ لیا ہے‘ اب میں دوسروں کو بروقت بتا دیتی ہوں کہ خود بھی حد میں رہیں اور مجھے بھی میں رہنے دیں۔ آپ اگلے روز لاہور میں ایک انٹرویو کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کر رہی تھیں۔
اور‘ اب آخر میں سید عامر سہیل کی پنجابی نظمیں:
آل دوالے میں وی عامر
آل دوالے اوہ
بھریے روحاں اندر نینداں
کڈھیے رت چوں روہ
آل دوالے پاک سیالا
پانی پانی شوہ
ڈب ڈب تریے اپنے اندر
رب نوں لیّے کھوہ
انگل لال گلاب دی پھڑیے
جیون لیّے چو!
٭......٭......٭
ننکانہ صاحب
جسم دادو جا نام فقیری
کیہ لالچ ، کیہ کھیڈ
لانگھا جانے، نانک جانے
رَت دے سو سو شیڈ
کنج کجّل دی دھار گواچی
روندے روز بلیڈ
رُوحاں وچ سرطان اساڈے
بُوے نال پریڈ
آج کا مقطع
ہم نے چھیڑا نہیں اشیائے محبت کو ظفرؔ
جو جہاں پر تھی پڑی اس کو وہیں رہنے دیا

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں