"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں‘ متن اور ڈاکٹر ابرار احمد

ہم نے وزیراعظم کے لیے
کوئی نام نہیں دیا: چوہدری سرور
مسلم لیگ (ق) کے چیف آرگنائزر چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ''ہم نے وزیراعظم کے لیے کوئی نام نہیں دیا‘‘ کیونکہ ہم سے کوئی نام مانگا ہی نہیں گیا۔ نہ اس سلسلے میں ہم سے کوئی مشاورت کی گئی ہے ورنہ ہمارے پاس اس کے لیے چوہدری شجاعت حسین کا نام موجود اور تیار تھا جو پہلے بھی وزیراعظم رہ چکے ہیں اور سیاست کا کافی تجربہ بھی رکھتے ہیں بلکہ ہم اب بھی انہیں وزیراعظم ہی سمجھتے ہیں۔ نیز چوہدری پرویز الٰہی کے چھوڑ جانے کی وجہ سے ہمارا جو نقصان ہوا ہے‘ اِس سے اُس کی تلافی بھی ہو سکتی تھی علاوہ ازیں اگر ایک بنا بنایا وزیراعظم موجود تھا تو کسی نئے نام پر عذر کرنے کی کیا ضرورت تھی۔ آپ اگلے روز لاہور میں گفتگو کر رہے تھے۔
نواز شریف اگلے ماہ وطن واپس آکر
انتخابی مہم کی سربراہی کریں گے: رانا ثناء
سابق وفاقی وزیر اور نواز لیگ کے مرکزی رہنما رانا ثنا اللہ خاں نے کہا ہے کہ ''نواز شریف اگلے ماہ وطن واپس آکر انتخابی مہم کی سربراہی کریں گے‘‘ اگرچہ دو وجوہ کی بنا پر اس کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔ ایک تو یہ کہ انتخابات کا ہونا ہی کھٹائی میں پڑا ہوا ہے‘ کیونکہ جب تک وہ ہمیں سُوٹ نہیں کرتے اور حالات مکمل طور پر ہمارے لیے ساز گار نہیں ہوتے انتخابات ہوتے کسی کو بھی نظر نہیں آ رہے اور دوسرا ریویو آف ججمنٹس اینڈ آرڈرز ایکٹ کالعدم قرار دیے جانے کے بعد جو راستہ کھلا تھا وہ بھی بند ہوتا نظر آتا ہے کیونکہ اس قانون کے تحت نواز شریف اپنی تاحیات نااہلی کے خلاف اپیل کر سکتے تھے‘ اس لیے صرف اندر ہونے کے لیے کوئی بھی وطن واپس نہیں آ سکتا۔ آپ اگلے روز اسلام آباد سے ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
بے قدرے لوگوں کے دل میں
واقعی سوراخ ہوتے ہیں: ریما
معروف اداکارہ ریما خان نے کہا ہے کہ ''بے قدرے لوگوں کے دل میں واقعی سوراخ ہوتے ہیں‘‘ جس سے خون ادھر اُدھر ہو جاتا ہے اور محبت کے لیے کچھ بھی باقی نہیں بچتا یہی وجہ ہے کہ ایک شخص کے دل میں مَیں نے خود سوراخ دیکھ کر اس سے دوری اختیار کر لی تھی اور اسے یہ ہدایت بھی کی تھی کہ وہ ان سوراخوں کو بند کروائے بلکہ یہ کام میں خود بھی کر سکتی تھی لیکن اس نے اس کا موقع ہی نہیں دیا حالانکہ میں نے یہ کام بالکل مفت ہی کرنا تھا۔ اور اسے یہ بھی بتانا تھا کہ اس کے دل میں یہ سوراخ کیسے ہوئے اور اس کا اصل ذمہ دار کون تھا جبکہ مجھے قدرتی طور پر ان سوراخوں کا خود ہی پتا چل جاتا ہے۔ آپ اگلے روز انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کر رہی تھیں۔
بلاول نے خود کو کامیاب ترین
وزیر خارجہ منوا لیا ہے: ذوالفقار بسرا
پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما ذوالفقار بسرا نے کہا ہے کہ ''بلاول نے خود کو کامیاب ترین وزیر خارجہ منوا لیا ہے‘‘ جبکہ انہوں نے اپنے بیرونِ ملک دوروں پر کروڑوں روپے خرچ کرکے ملک کا نام خوب روشن کیا ہے اور امریکہ بھر کے لوگ حیران ہیں کہ پاکستان جیسے غریب ملک کے پاس اتنے پیسے کہاں سے آ گئے جو ان بے شمار دوروں پر خرچ کیے گئے اور جس سے یہ ثابت ہو گیا ہے کہ پاکستان امریکہ کی طرح واقعی ایک امیر ملک ہے اور ان دوروں سے ایسا ریکارڈ قائم کیا ہے جسے کوئی نہیں توڑ سکے گا۔ اس لیے امید ہے کہ آئندہ بھی انہیں وزیراعظم نہیں تو وزیر خارجہ ضرور مقرر کیا جائے۔ آپ اگلے روز لاہور سے ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
اور اب آخر میں ڈاکٹر ابرار احمد؛
وقت گزرتا نہیں
وقت کوئی شام نہیں
جسے وحشت سے ڈھانپا جا سکے
نہ کوئی گیت، جس کی لے
ہمارے ہونٹوں کی گرفت میں ہو
یہ ایک لا متناہی لا تعلق ہے
وقت ٹھہرا رہتا ہے
ان زمینوں پر
جہاں سے نئے قافلے نکل پڑتے ہیں
وقت گزاری کے کٹھن سفر پر
گزشتہ بہت پیچھے رہ گیا
جہاں تک کوئی سڑک نہیں جاتی
گاڑی کی کھٹ کھٹ سے
شہر کی ویرانی کہاں کم ہوتی ہے
مقفل گھروں
اور قہوہ خانوں کی بھنبھناہٹ میں
ساری باتیں تو لوگ کرتے ہیں!
کتابوں کی جلدیں، کاغذوں کا شور
موبائل کے پیغامات
اور وقت گزر جاتا ہے
حالانکہ نہیں گزرتا
بچوں کو سیڑھیاں چڑھا چکنے کے بعد
دہلیز پر بیٹھ کر
کسی بے سمت افق کو گھورتے ہوئے؟
حساب کرتے ہوئے
ان خوابوں کا، جو دیکھے
آج کا مطلع
دیکھو تو کچھ زیاں نہیں کھونے کے باوجود
ہوتا ہے اب بھی عشق نہ ہونے کے باوجود

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں