"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور تازہ غزل

آپ کی سرپرستی چاہتا ہوں: نگران وزیراعظم
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے چودھری شجاعت حسین سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ''میں آپ کی سرپرستی چاہتا ہوں‘‘ جبکہ حلف اٹھانے سے پہلے میں نے اپنی سیاسی جماعت چھوڑ دی تھی اور سینیٹر شپ سے بھی استعفیٰ دے دیا تھا اور اب مجھے آپ کی سرپرستی کی اشد ضرورت ہے اور اسی توقع پر میں نے اپنی جماعت چھوڑی تھی کہ آپ نے اپنی جماعت کو جس بامِ عروج پر پہنچایا ہے میں بھی وہی مقام حاصل کرنا چاہتا ہوں اور اگر آپ میری سرپرستی کے ساتھ ترجمانی کی ذمہ داری بھی سنبھال لیں تو مجھے خوشی ہو گی۔ اور اگر آپ میسر نہ ہوں تو چودھری سرور پر بھی گزارہ ہو سکتا ہے کیونکہ ان کی ترجمانی تو مسلمہ ہے۔ آپ اگلے روز چودھری شجاعت حسین کی مبارکباد کے جواب میں ٹیلی فون پر ان سے رابطہ کر رہے تھے۔
انتخابات میں تاخیر ہوئی تو سیاسی
جماعتیں اکٹھی ہوں گی: ندیم افضل چن
پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما ندیم فضل چن نے کہا ہے کہ ''انتخابات میں تاخیر ہوئی تو سیاسی جماعتیں اکٹھی ہوں گی‘‘ اگرچہ پنجاب اور کے پی کے انتخابات میں اب تک جتنی تاخیر ہو چکی ہے اس پر سیاسی جماعتیں اکٹھا ہونے کے بارے میں سنجیدگی سے عذر پیش کرتی رہی ہیں اور اس نتیجے پر پہنچی ہیں کہ انتخابات انہیں سوٹ ہی نہیں کرتے اس لیے اب وہ اکٹھی ہو کر مطالبہ کریں گی کہ انتخابات کو بار بار ملتوی کرنے کے بجائے انہیں موخر ہی کردیا جائے کیونکہ اگر اتنا کچھ کرنے کے باوجود بھی ہاتھ کچھ نہیں آنا تو اس تردد کا فائدہ ہی کیا اور نہ ہی سیاسی جماعتیں بار بار اکٹھا ہونے کی زحمت اٹھا سکتی ہیں جبکہ پہلے اکٹھے ہو کر جو کچھ کیا گیا‘ وہی ایک مثال کافی ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
الیکشن 10نومبر2023ء
سے آگے نہیں جا سکتا:خرم دستگیر
مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنما خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ''الیکشن 10نومبر 2023ء سے آگے نہیں جا سکتا اور اگر چلا بھی جائے تو اسے کوئی نہیں روک سکتا کیونکہ یہ خود مختار ہے اور جو پہلے بھی آگے چلا گیا تھا اسے اس وقت بھی کوئی نہیں روک سکا تھا جبکہ ایک چلتی ہوئی چیز کے آگے بند باندھ کر اسے روکنا ویسے بھی ترقی کے اصولوں کے خلاف ہے اور ہمارے جیسی ترقی پسند جماعت کو یہ زیب بھی نہیں دیتا جبکہ الیکشن کا بروقت انعقاد اس لیے بھی ضروری ہے کہ قائدِ محترم کی واپسی کا فیصلہ بھی الیکشن سے مشروط ہے اور ایسے فیصلے بار بار نہیں ہوا کرتے۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں اظہار ِخیال کر رہے تھے۔
پولیس سفید کپڑوں میں لوگوں کو اٹھا رہی: بابر اعوان
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ ''پولیس سفید کپڑوں میں لوگوں کو اٹھا رہی ہے‘‘ جبکہ سفید کپڑوں کو اس طرح میلا کرنا اسے ہرگز زیب نہیں دیتا اور انہیں صاف کرنے کا اضافی خرچہ بھی اٹھانا پڑتا ہے جبکہ مہنگائی کے اس زمانے میں اسے فضول خرچیوں سے اجتناب کرنا چاہئے۔نیز یہ اصولی طور پر بھی غلط ہے کہ وردیوں کے ہوتے ہوئے سفید کپڑے استعمال کیے جائیں جبکہ وردی میں لوگوں کو زیادہ آسانی سے اٹھایا جا سکتا ہے اور اس صورت میں کسی مزاحمت کا بھی خطرہ نہیں ہوتا اور سارا کام بے حد خوش اسلوبی سے سرانجام پا جاتا ہے۔ آپ اگلے روز سوشل میڈیا پر اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔
پہلی بار نویں جماعت میں
محبت ہوئی تھی: میمونہ قدوس
ابھرتی ہوئی اداکارہ میمونہ قدوس نے کہا ہے کہ '' مجھے پہلی بار نویں جماعت میں محبت ہوئی تھی‘‘ بلکہ وہ تو اس سے بھی قبل ہونے جا رہی تھی لیکن میں نے اسے یہ کہہ کر روک دیا کہ اتنی جلدی کیا ہے، چند ایک سال اور انتظار کر لو کیونکہ یہ سلسلہ تو عمر بھر جاری رہتا ہے جبکہ اس کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ اس کا انتظار نہیں کرنا پڑتا اور اکثر اوقات اس کے انتظار میں آدمی بوڑھا ہو جاتا ہے جبکہ بڑھاپے کی محبت کو ویسے بھی کوئی محبت نہیں سمجھتا بلکہ اسے محبت کا مذاق کہا جا سکتا ہے کیونکہ بے وقت کی ٹکریں ہی ہوتی ہیں، اور ہر چیز اپنے وقت پر ہی ہونی چاہئے اور وقت پر ہی اچھی لگتی ہے۔ آپ اگلے روز ایک شو میں اپنی ذاتی زندگی پر گفتگو کر رہی تھیں۔
اور‘ اب آخر میں یہ تازہ غزل:
جیتنے والوں میں شامل ہو گیا ہوں
جب سے میں اپنے مقابل ہو گیا ہوں
سوچ کافی ٹھیک کر ڈالی ہے میں نے
سوچتا تھا تیرے قابل ہو گیا ہوں
عشق ایک ایسا سبق تھا خاص جس کو
پڑھتے پڑھتے اور جاہل ہو گیا ہوں
پھر سے خارج ہونے کی خاطر کسی طور
آپ کی محفل میں داخل ہو گیا ہوں
وہ حقیقت ہی کچھ ایسی تھی کہ جس کے
سامنے ہوتے ہی باطل ہو گیا ہوں
نہ ہوئی اس سے شناسائی تو‘ لیکن
ہوتے ہوتے خود سے غافل ہو گیا ہوں
آپ کو حاصل تو کر پایا نہیں میں
آپ کا البتہ قائل ہو گیا ہوں
کیا کروں پانی ابھی آیا نہیں ہے
اس لیے فی الحال ساحل ہو گیا ہوں
ہوں ظفرؔ ردِ بلا بھی آپ ہی میں
شہر پر جیسے بھی نازل ہو گیا ہوں
آج کا مطلع
ہے اور بات بہت میری بات سے آگے
زمین ذرہ ہے اس کائنات سے آگے

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں