مجھے ہٹا کر ترقی کرتے پاکستان کو
نقصان پہنچایا گیا: نواز شریف
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ''مجھے ہٹا کر ترقی کرتے پاکستان کو نقصان پہنچایا گیا‘‘ اور وہ صحیح معنوں میں تیز رفتار ترقی تھی جس کے ضروری عناصر کی پہلے بھی کئی بار وضاحت کی جا چکی ہے اور وہ اس قدر تیز رفتار تھی کہ ہم خود بھی اس کی لپیٹ میں آ کر حیران رہ گئے تھے؛ تاہم ساتھ ساتھ یہ ترقی ایک مجبوری بھی بن جاتی ہے اور نہ چاہتے ہوئے بھی آپ کو یہ ترقی قبول کرنا پڑتی ہے اور اس خود کار ترقی کا حجم اس قدر زیادہ تھا کہ حیرانی کم اور پریشانی زیادہ تھی حالانکہ زیادہ پریشانی اس ترقی سے ملک کو ہو نی چاہیے تھی۔ آپ اگلے روز لندن میں شہباز شریف سے گفتگو کر رہے تھے۔
ساری پی ٹی آئی تتر بتر ہے ‘ہمارے لیے
پنجاب میں اچھا موقع ہے: مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ''ساری پی ٹی آئی تتر بتر ہو چکی ہے‘ ہمارے لیے پنجاب میں اچھا موقع ہے‘‘ چنانچہ ہم سندھ میں بھی اس کے تتر بتر ہونے کی دعائیں مانگ رہے ہیں کیونکہ وہ سندھ میں بھی پریشانی سے دوچار کر سکتی ہے اور چونکہ ہم پارٹی چیئرمین کو آئندہ وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں‘ اس لیے ہماری کوشش بلکہ دعا ہے کہ وہ ہر جگہ تتر بتر ہو جائے کیونکہ اس کے بغیر یہ خواب شرمندۂ تعبیر ہوتا نظر نہیں آ رہا؛ تاہم یہ معلوم کرنا بھی ضروری ہے کہ یہ پنجاب میں صحیح معنوں میں تتر بتر ہوئی ہے یا یہ محض ایک دکھاوا ہے اور سب مفت میں خوش ہو رہے ہیں۔ آپ اگلے روز سیہون شریف درگاہ پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
نواز شریف 15 اکتوبر کو لاہور پہنچیں گے: سیف الملوک
مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ ''نواز شریف 15 اکتوبر کو لاہور پہنچیں گے‘‘ بشرطیکہ وہ 14 اکتوبر کو لندن سے روانہ ہو گئے کیونکہ اگلے روز انہوں نے خود ہی اکتوبر میں وطن واپسی کے امکانات کو رد کر دیا تھا؛ چنانچہ ہم سب کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے کہ ہم باری باری ان کی آمد کی کوئی نہ کوئی تاریخ دیتے رہیں؛ چنانچہ آج اپنی باری پر یہ اطلاع میں دے رہا ہوں کیونکہ وہ آئیں یا نہ آئیں‘ ان کی آمد کی تاریخ دیتے رہنا بے حد ضروری ہے تاکہ عوام جو پہلے ہی مایوس ہیں‘ بالکل مایوس نہ ہو جائیں حالانکہ ان کے آنے کے بعد ممکن ہے کہ انہیں زیادہ مایوسی کا سامنا کرنا پڑے۔ آپ اگلے روز لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ پر ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
پارٹی قیادت کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا
برداشت نہیں کریں گے: حسن مرتضیٰ
پیپلز پارٹی وسطیٰ پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ ''ہم پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا برداشت نہیں کریں گے‘‘ کیونکہ اگر سچا پروپیگنڈا کرنے کے لیے پورا مواد موجود ہو تو جھوٹا پروپیگنڈا کرنے کی کیا ضرورت ہے اور یہ محض وقت ضائع کرنے کے مترادف ہو گا۔ اصل مطالبہ بھی یہی ہونا چاہیے کہ ہماری قیادت کے خلاف سچا پروپیگنڈا کیا جائے کیونکہ جھوٹا پروپیگنڈا کسی کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا بلکہ ایسا پروپیگنڈا ان کے حق میں جاتا ہے، اس لیے پروپیگنڈا کرنے والوں کو احتیاط سے کام لینا چاہیے اور جھوٹے سچے کے فرق کو پیش نظر رکھنا چاہیے۔ آپ اگلے روز لاہور سے ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
عمران خان جن کا بندہ ہے وہی اسے
بچانے کی کوشش کر رہے ہیں: رانا ثنا
سابق وفاقی وزیر اورمسلم لیگ نواز کے مرکزی رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ''عمران خان جن کا بندہ ہے وہی اس کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں‘‘۔ اور چونکہ ہم سب خدا کے بندے ہیں اس لیے ممکن ہے کہ قدرت ہی انہیں بچانے کی کوشش کر رہی ہو اور اس لیے اب تک ان کا بال بھی بیکا نہیں ہو رہا؛ چنانچہ ہمیں بھی مزید کسی اقدام کے بجائے قدرت سے رجوع کرنا چاہیے جس کے لیے ضروری ہے کہ قائد محترم کی سربراہی میں دعا کی جائے بلکہ اس کا ایک مربوط سلسلہ شروع کیا جائے، ہو سکتا ہے کہ جلد ہماری شنوائی ہو جائے۔ آپ اگلے روز لاہور سے ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں سید عامر سہیل کی ایک پنجابی نظم:
تینوں حمد نہ آکھاں تے کیہ آکھاں
دنیا سمدے اشارے تے نہیں چل سکدی
کسی پھوک نال نہیں بَل سکدی
کیہڑے پاسوں مغرب ڈوبنا چاہندا ایں
دل وچ اگ دا چیتر کھوبنا چاہندا ایں
تیرے ساہ دی چکی نِت گواچا رب نہیں موڑ سکدی
روح دی واچھڑ بھجا بت نہیں جوڑ سکدی
تُوں ناں وی ہویں تے میں اپنے بیت
دل دی دیوار تے لیک سکناں
کل دا چاننا متھے تے میخاں وار گڈن چے
کِنی دیر لگدی اے
کسے ہنجو نے اج تیکر اپنا ناں آپ نہیں رکھیا
فیر وی جدوں اَکھ ہسدی اے
مکان فجرے دُھخدے نیں
تے بوہے تو ہنیرے دی سجھ جگدی اے
میں کھارے چڑھیا چانن نہیں موڑ سکدا
حیاتی وی لنگ جاوے
تاں تیرے ورگا
مصرع نہیں جوڑ سکدا
توں فجر کہویں
میں جی آکھاں
تینوں حمد نہ آکھاں
تے کیہ آکھاں
آج کا مطلع
گرنے کی طرح کا نہ سنبھلنے کی طرح کا
سارا وہ سفر خواب میں چلنے کی طرح کا