"ZIC" (space) message & send to 7575

سرخیاں، متن اور سیالکوٹ سے محمود کیفی

نوازشریف ہر بار پہلے سے زیادہ
مضبوط ہو کر واپس لوٹے: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی صاحبزادی، مسلم لیگ نواز کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ''نوازشریف ہر بار پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر ہی واپس لوٹے ہیں‘‘ اور وہ پہلے سے مضبوط ہونے کیلئے ہی ملک سے باہر جایا کرتے ہیں کیونکہ ملک کے اندر رہ کر جتنی مضبوطی حاصل کرتے ہیں اسے بیرونِ ملک منتقل کرنا بھی ضروری ہوتا ہے؛ چنانچہ چار سال تک وہ لندن میں بیٹھ کر مضبوط ہی ہوتے رہے ہیں، نیز انہوں نے واپسی کے بعد مزید مضبوط ہونے کے لیے بیرونِ ملک جانے کا پروگرام بھی بنا رکھا ہے جو ان کے انتہائی دور اندیش ہونے کی نشانی ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کر رہی تھیں۔
بلاول کے مقابلے میں زرداری صاحب
کا موقف اچھا ہے: خورشید شاہ
پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ''بلاول کے مقابلے میں زرداری صاحب کا موقف اچھا ہے‘‘ جبکہ اصل موقف تو ہوتا ہی زرداری صاحب کا ہے کیونکہ وہ انتخابات میں جلد بازی کے قائل نہیں ہیں اور 'سہج پکے سو میٹھا ہو‘ کے ماننے والوں میں سے ہیں جبکہ میٹھا ویسے بھی ان کا پسندیدہ ذائقہ ہے اور وہ عوامی خدمت میں سے سب سے پہلے مٹھاس ہی نکالتے ہیں۔ اگرچہ مٹھاس کے حوالے سے باقیوں کا ذائقہ اور پسند بھی ایک ہی ہے جبکہ سبھی عمائدین میٹھامیٹھا ہپ اور کڑوا کڑوا تھو ہی کے قائل ہیں۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شریک تھے۔
نگران حکومت غیر سیاسی‘ کسی کی
حمایت نہیں کریں گے: مرتضیٰ سولنگی
نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ ''نگران حکومت غیر سیاسی ہے‘ کسی سیاسی جماعت کے موقف کی حمایت نہیں کریں گے‘‘ کیونکہ ہمیں اس کی ضرورت ہی نہیں ہے کہ کم و بیش ہر سیاسی جماعت کی نگران کابینہ میں موجودگی کی وجہ سے سارا سلسلہ خود کار طریقے ہی سے چلتا رہے گا اور ہر کوئی اپنے فرائض پوری ذمہ داری سے ادا کرے گا اور انتخابات کے دوران کسی کو بھی شکایت کا موقع نہیں ملے گا۔ اس کے علاوہ انتخابی اہلکار بھی حکومت کے اپنے ہی ہوں گے اس لیے یہ ایک طرح سے گھریلو معاملہ ہی ہو کر رہ جائے گا جبکہ نگران کابینہ کا مقصد بھی یہی تھا۔ آپ اگلے روز لاہور اور اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
پیپلزپارٹی کا پی ٹی آئی سے انتخابی
اتحاد ہو سکتا ہے: منظور وسان
پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما منظور وسان نے کہا ہے کہ ''پیپلزپارٹی کا پی ٹی آئی سے انتخابی اتحاد ہو سکتا ہے‘‘ اور مجھے یہ خواب کئی بار آ چکا ہے لیکن جب میں اس کا تجزیہ کرنے لگتا تو میری آنکھ کھل جاتی۔ اگرچہ چیئرمین پی ٹی آئی شاید یہ پسند نہ کریں لیکن بعض اوقات ناپسندیدہ فیصلے بھی کرنا پڑتے ہیں بصورت دیگر ہمارا کام دوگنا ہو جائے گا اور اپنے مخالفین سے ملک کی لوٹی ہوئی دولت برآمد کرنے کے علاوہ بعض نئے اتحادی زعما کے ساتھ بھی یہی سلوک کرنا پڑے گا اور چونکہ ضرورت ایجاد کی ماں ہے اس لیے اتحادیوں کو بھی اپنی ضروریات کا خیال رکھنا پڑے گا۔ آپ اگلے روز الیکشن کمیشن کے دفتر میں کمیشن کے اراکین سے ملاقات کر رہے تھے۔
نوازشریف سے دشمنی ملک دشمنی ہے: جاوید لطیف
سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ''نوازشریف سے دشمنی کی سوچ ملک دشمنی ہے‘‘ بلکہ بعض افراد کے نزدیک ان سے دوستی کی سوچ بھی ایسی ہی ہے کیونکہ ان کے بارے میں سوچنے والے لوگ ایک ہی جیسے ہیں جو دوستی اور دشمنی میں زیادہ فرق روا نہیں رکھتے جبکہ سرمایہ بیرونِ ملک منتقل کر کے اثاثے بنانا ملک دوستی ہی کی ایک مثال ہے کہ اس سے پیسہ مکمل طور پر محفوظ ہو گیا اور اس سے ملک کی آن بان اورشان میں بھی اضافہ ہوا اور جس طرح یہ سرمایہ ملک سے باہر منتقل ہوا وہ ہنر مندی کی ایک علیحدہ مثال ہے۔ آپ اگلے روز لندن میں نوازشریف سے مختلف امور پر گفتگو کر رہے تھے۔
اور‘ اب سیالکوٹ سے محمود کیفی کی شاعری:
مغرور تھا بہت‘ اسے مجبور کر دیا
قسمت نے راجپوت کو مزدور کر دیا
کٹوا کے اپنی ٹانگ‘ لگا بھیک مانگنے
اک شخص روزگار نے معذور کر دیا
کتنے ہی لوگ شہر میں گمنام مر گئے
شاعر کو ایک شعر نے مشہور کر دیا
پہلے خیال سے ملی دل کو بہت خوشی
پھر دوسرے خیال نے رنجور کر دیا
تو ایک عام‘ سادہ سی لڑکی تھی گاؤں کی
شاعر نے تجھ سے پیار کیا‘ حور کر دیا
آئی ہیں اس طرح سے غلط فہمیاں قریب
کچھ دوستوں کو دوستوں سے دور کر دیا
کیفیؔ عمل پہ اپنے ذرا پھر سے غور کر
کس شے نے تیرے چہرے کو بے نور کر دیا
٭......٭......٭
ہم سے سیکھو
قرضہ لے کر ملک چلانا
مل کر قوم کا پیسہ کھانا
خوش حالی کے خواب دکھانا
اوروں پر الزام لگانا
مہنگے مہنگے کھانے کھانا
بھاگ کے اپنی جان بچانا
تحفے تک بھی بیچ کے کھانا
ہم سے سیکھو مال بنانا
آج کا مقطع
شعر ہوتے ہیں ظفرؔ لطفِ سخن سے خالی
داد ملتی ہے مجھے اب تو خوش الحانی پر

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں