تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن میں یکساں
مواقع فراہم کیے جائیں: صدر علوی
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ''تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن میں یکساں مواقع فراہم کیے جائیں‘‘ جن میں سب سے زیادہ حقدار وہ جماعت ہے جس کے جلسوں میں لوگوں نے آنا ہی چھوڑ دیا ہے اور اس کے رہنماعوام سے شرکت کے لیے اپیلیں کر کرکے تھک گئے ہیں لیکن صورتحال جوں کی توں ہی نظر آتی ہے۔ البتہ بیرونِ ملک سے ہر دلعزیز رہنما کی آمد کے موقع کے حوالے سے عوام میں خوب جوش و خروش نظر آتا ہے اور اس بات کا شدید خطرہ موجود ہے کہ وفورِ جذبات میں عوام کہیں امن و امان کا مسئلہ نہ پیدا کر دیں، اسلئے اس ضمن میں خصوصی احتیاط اور انتظامات کی ضرورت ہے۔ آپ اگلے روز سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی سے ملاقات کر رہے تھے۔
پاکستان پر اللہ کا کرم ہوتا ہے تو نواز
شریف وزیراعظم بنتا ہے: مریم نواز
سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی، مسلم لیگ نواز کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ''پاکستان پر اللہ کا کرم ہوتا ہے تو نوازشریف وزیر اعظم بنتا ہے‘‘ لیکن پھر وہ اپنا کرم بھی شروع کر دیتے ہیں اور وہ سب کچھ ہونے لگتا ہے جس کے لیے دنیا بھر میں شہرت ہو چکی ہے اور یہ سلسلہ اس وقت تک نہیں رکتا جب تک رخصت نہیں کردیا جاتا۔ اگرچہ وہ اس وقت تک سارے ارمان پورے کر چکے ہوتے ہیں؛ تاہم اس کرم میں جو کسر رہ گئی ہو اسے پورا کرنے کے لیے پھر سے تیار رہتے ہیں۔ آپ اگلے روز این اے 133اور این اے127کی یونین کونسلوں کے سابق عہدیداروں سے ملاقات کر رہی تھیں۔
مولانا کس کی فرمائش پر الیکشن سے
بھاگ رہے ہیں؟: فیصل کریم کنڈی
پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ''مولانا کس کے اشارے اور فرمائش پر الیکشن سے بھاگ رہے ہیں؟‘‘ جبکہ اپنا کام خود اپنی مرضی کے مطابق کرنا چاہیے، نیز کسی کے اشاروں پر چلنا ویسے بھی بری بات ہے اور نئی مردم شماری کے نتائج پر الیکشن کے مطالبے کا مطلب اور مقصد ہی یہ ہے کہ الیکشن کو غیر معینہ عرصے تک کے لیے لٹکا دیا جائے کہ نہ سو من تیل ہوگا اور نہ رادھا ناچے گی اور اگر خود نہیں تو کم از کم دوسروں کے ہی جذبات کا خیال کر لیں اور سو من تیل کا انتظار کرنے کے بجائے تھوڑے اور دستیاب تیل پر ہی گزارہ کر لیا جائے۔ آپ اگلے روز مولانا فضل الرحمن کی پریس کانفرنس کا جواب دے رہے تھے۔
سٹیل ملز کی نجکاری ہو سکتی ہے
نہ بحالی ممکن ہے: فواد حسن فواد
نگران وفاقی وزیر نجکاری فواد حسن فواد نے کہا ہے کہ ''سٹیل ملز کی نجکاری ہو سکتی ہے نہ اس کی بحالی ممکن ہے‘‘ کیونکہ گزشتہ حکومتوں نے اس کا جو حال کیا ہے اس کے بعد یہ دونوں کام نہیں ہو سکتے حتیٰ کہ اسے فروخت بھی نہیں کیا جا سکتا کیونکہ اس کے ساتھ منسلک جو سینکڑوں ایکڑ زمین تھی اس پر قبضہ ہو چکا ہے اور کوئی بھی گاہک اس زمین کے بغیر سٹیل مل کو خریدنے کو تیار نہیں ہے جبکہ اس زمین پر قبضہ بھی سابق حکومتوں سے متعلقہ احباب نے کر رکھا ہے جن سے قبضہ چھڑانا چڑیوں کا دودھ لانے کے مترادف ہے جبکہ اب چڑیاں ویسے ہی کمیاب ہو چکی ہیں کیونکہ لوگوں نے چڑے کھا کھا کر ویسے ہی انہیں ختم کر دیا ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
نوازشریف کو ریلیف ملا تو چیئرمین
پی ٹی آئی کو بھی ملے گا: شاہد خاقان
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نواز کے ناراض رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ''اگر نوازشریف کی ریلیف ملا تو چیئرمین پی ٹی آئی کو بھی ملے گا‘‘ اور اگر چیئرمین پی ٹی آئی کو ریلیف مل گیا اور وہ باہر آ گئے تو بہت سے احباب کی الیکشن میں کامیابی پر سوالیہ نشان لگ جائے گا، اس لیے بہتر یہی ہوگا کہ ریلیف کے چکر میں پڑنے کے بجائے وہ عدالت میں سرنڈر کر دیں اور چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ سرکاری مہمان نوازی کا لطف لیں، یعنی:
خوب گزرے گی جو مل بیٹھیں گے دیوانے دو
آپ اگلے روز ایک ٹی وی پروگرام پر اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں اوکاڑہ سے مسعود احمد کی غزل:
ستارے ڈھال کے سورج بناتا رہتا ہوں
ہوا چلے نہ چلے‘ ٹمٹماتا رہتا ہوں
وہ میرے حق میں قیامت کے روز بولیں گے
میں جن پرندوں کو پانی پلاتا رہتا ہوں
وہ دن میں جا کے کہیں روشنی پکڑتا ہے
تمام رات میں سورج جلاتا رہتا ہوں
کبھی یہ آنکھ کا پتھر پگھل بھی سکتا ہے
میں اس میں خواب مسلسل اُگاتا رہتا ہوں
یہ جب سے تُو نے مرے دل کا چور پکڑا ہے
میں اپنے آپ سے آنکھیں چراتا رہتا ہوں
وہ بار بار مرے سر کی سَمت آتا ہے
ہما کو سر پہ تمہارے بٹھاتا رہتا ہوں
کوئی سبب کبھی مسکان کا نکل آئے
میں بے سبب ہی سہی‘ مسکراتا رہتا ہوں
کسی بھی وقت مجھے کوئی روک سکتا ہے
اسی لیے تو یہاں آتا جاتا رہتا ہوں
وہ بارہا تجھے بنتا سنورتا دیکھتا ہے
میں آئنے کی شکایت لگاتا رہتا ہوں
نہیں‘ نہیں! وہ نہیں جیتے جی تو بجھنے کی
یہ آگ جس کو مسلسل بجھاتا رہتا ہوں
آج کا مطلع
ابھی تو کرنا پڑے گا سفر دوبارہ مجھے
ابھی کریں نہیں آرام کا اشارہ مجھے