آپ نے تاریخ بنائی، جلسے میں آمد
پر لوگوں کا شکریہ: مریم نواز
سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی، مسلم لیگ نواز کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ '' آپ نے تاریخ بنائی، جلسے میں آمد پر لوگوں کا شکریہ‘‘ ۔ اگرچہ شکریہ تو اُن اپنوں کا ادا کرنا چاہئے جو لوگوں کو بسوں میں بھر بھر کر لائے اور جلسے کے دوران بریانی اور مختلف نعمتوں سے ان کی میزبانی کرتے رہے کیونکہ پہلے تو ایسے اجتماعات میں گاڑیوں پر ڈنڈے برسائے اور آوازے کسے جاتے تھے، اس لیے اب یہ ضروری ہو گیا ہے کہ آئندہ بھی جلسوں میں شرکا کے اس معیار کا خیال رکھا جائے کیونکہ اگلے جلسوں میں بھی الیکشن لڑنے والے امیدواروں ہی کو اپنی دریا دلی کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور اس روایت کو مستحکم کرنا ہو گا۔ آپ اگلے روز لاہور سے ایک وِڈیو شیئر کر رہی تھیں۔
نوازشریف کی آمد سے سیاسی قوتیں
طاقتور ہو جائیں گی: مولانا فضل الرحمن
جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ اور پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ''نوازشریف کی آمد سے سیاسی قوتیں طاقتور ہو جائیں گی‘‘ اور سیاسی قوتوں میں ہماری جماعت بھی شامل ہے جو طاقتور ہونا چاہتی ہے اور اسی شبھ گھڑی کے انتظار میں تھی کہ نوازشریف آئیں اور ہمیں طاقتور بنائیں کیونکہ دوسری جماعتوں کے ساتھ ساتھ یہ بھی بے حد لاغر و لاچار ہو چکی تھی؛ اگرچہ زیادہ امکان اسی بات کا ہے کہ وہ اپنی جماعت ہی کو طاقتور بنائیں گے اور دیگر جماعتوں کو ان کی آمد پر بغلیں بجانے کی ضرورت نہیں ہے ؛ تاہم خود ان کی جماعت کو بھی مخالفین کی چھلنی سے گزر کر ہی آنا ہوگا جو اتنا آسان نظر نہیں آتا۔ آپ اگلے روز ڈیرہ غازی خان میں جمعیت کے وفد سے ملاقات کر رہے تھے۔
ادارے ساتھ دیں تو نوازشریف ملک
کو مشکل سے نکال سکتے ہیں: غلام احمد بلور
عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ''اگر ادارے ساتھ دیں تو نوازشریف ملک کو مشکل سے نکال سکتے ہیں‘‘ جبکہ سب کی نظریں اداروں ہی پر لگی ہوئی ہیں کیونکہ عوام سیاسی جماعتوں کی کارکردگی کو اچھی طرح سے جانتے ہیں جس میں مسلم لیگ کی اپنی کارکردگی بطورِ خاص شامل ہے۔ اور ان کے ساتھ کے بغیر کوئی کامیابی کا خواب تک نہیں دیکھ سکتا؛ تاہم ملک کو مشکل میں ڈالنے کے علاوہ نوازشریف کو ملک کو مشکل سے نکالنا بھی آتا ہے بشرطیکہ ادارے حوصلہ مندی سے کام لیں اور آزمائے ہوئے کو ایک بار پھر آزمانے کو تیار ہو جائیں، اگرچہ دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد پچھلی روایات سے انحراف مشکل ہی نظر آتا ہے۔ آپ اگلے روز جاتی امرا میں نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
بار بار سلیکشن کے بجائے الیکشن کی طرف
آنا ہی پڑے گا: فیصل کریم کنڈی
پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ '' بار بار سلیکشن کے بجائے الیکشن کی طرف آنا ہی پڑے گا‘‘ اگرچہ کچھ افراد ایک بار پھرسلیکٹ ہونے کے دعوے باندھ رہے ہیں لیکن ہم ان کی بھرپور مخالفت کریں گے کیونکہ اگر حسبِ سابق سلیکٹ ہی کرنا ہے تو ہماری جماعت میں کون سی خامی ہے اور سب کو اس میں اپنا حصہ ملنا چاہئے جبکہ کچھ سیاسی حریفوں کے ہوتے ہوئے الیکشن میں اترنا کوئی اتنا آسان کام نہیں ہے اور اس لیے بھی سلیکشن کے امکانات محدود ہو جائیں گے اس لیے نہایت سوچ سمجھ کر سارا کام کرنا پڑے گا؛ اگرچہ سارے کام سوچ سمجھ کر ہی کیے جاتے ہیں؛ تاہم موجودہ صورتحال میں کچھ زیادہ ہی سوجھ بوجھ کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
چیئرمین پی ٹی آئی گڈ بک میں
آ گئے تو کیسز ختم: مصطفی نواز کھوکھر
پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ ''چیئرمین پی ٹی آئی گڈ بک میں آگئے تو کیسز ختم‘‘ کیونکہ یہاں کامیابی کیلئے گڈ بک میں ہونا بے حد ضروری ہے ورنہ یار لوگ عام طور پر بیڈ بک ہی میں ٹامک ٹوئیاں مار رہے ہوتے ہیں۔ اگرچہ آخر تک اس بات کا پتا نہیں چلتا کہ کون گڈ بک میں ہے اور کون نہیں۔ کچھ احباب اب بھی یہ سمجھ رہے ہیں کہ وہ ایک بار پھر گڈ بک میں آ گئے ہیں مگر یہ ان کی بھول ہے اور اگر وہ اپنے پرانے بیانات پر ہی ایک نظر ڈال لیں تو اس خوش فہمی سے نکل آئیں جبکہ گڈ بک میں سے لوگوں کے نام نکلتے بھی رہتے ہیں اور داخل بھی ہوتے رہتے ہیں اور تاریخ ہمیشہ اپنے آپ کو دہراتی رہتی ہے ۔ آپ اگلے روز اسلام آباد سے ٹویٹ کر رہے تھے۔
اور‘ اب ہزارہ سے رستم نامی کی شاعری:
کرو حاصل ثواب و شہرت و درجات بسم اللہ
کرپشن کی کمائی سے کرو خیرات بسم اللہ
اٹھاؤ منصب و دولت سے کچھ تو فائدہ آخر
دباؤ زیر دستوں کے علاقہ جات بسم اللہ
غریبِ شہر کو اوپر اُٹھاؤ تم گرانی سے
تمہارے حق میں ہیں اب سارے امکانات بسم اللہ
کبھی کوئل کے نغمے اور کبھی چڑیوں کی چہکاریں
بہت آباد ہیں گھر کے بنیرہ جات بسم اللہ
اگر جی چاہتا ہو تو ہمارے ساتھ چلنا تم
کبھی داسو‘ کبھی گلگت‘ کبھی گلیات بسم اللہ
کریں گے حسبِ توفیقات نامیؔ آپ کی خاطر
چلے آؤ ہمارے جو بھی ہیں حالات بسم اللہ
٭......٭......٭
ہوئے اپنے کہاں نامیؔ ہمارے
کہ سارے غیر تھے حامی ہمارے
نتیجہ کچھ مگر نکلا نہ اُن کا
ہوئے اجلاس ہنگامی ہمارے
نہ آئے ہم کسی کی بھی نظر میں
بہت کام آئی ناکامی ہمارے
تجھے چھوڑیں گے ہم بیٹا بنا کر
جو ہاتھ آئی تری خامی ہمارے
نہ دریوزہ گری کرتے‘ نہ بنتی
گلے کا ہار بدنامی ہمارے
بِکے ہم کوڑیوں کے مول نامیؔ
نہیں کام آئی نیلامی ہمارے
آج کا مقطع
دل تو بھرپور سمندر ہے ظفرؔ کیا کیجے
دو گھڑی بیٹھ کے رونے سے نبڑتا کیا ہے