نوازشریف کی پاکستان آمد نے سیاسی
ماحول بدل دیا: شہباز شریف
سابق وزیراعظم اور (ن) لیگ کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''نواز شریف کی پاکستان آمد نے سیاسی ماحول بدل دیا‘‘ اور لوگوں میں کافی جوش و خروش پیدا ہو گیا ہے۔ اگرچہ ایک بین الاقوامی جریدے کی رپورٹ کے مطابق رائے عامہ ہمارے ساتھ نہیں ہے اور خاکسار کا دورِ حکومت اسے لے ڈوبا ہے تاہم الیکشن میں رائے عامہ کا کوئی زیادہ عمل دخل نہیں ہوتا اور عموماً رائے خاص فیصلہ کن ثابت ہوتی ہے جس کے بارے یہ کہا جا سکتا ہے کہ وہ ہمارے ساتھ ہی ہے بصورت دیگر حریف سیاسی جماعتیں سب کچھ سمیٹ کر لے جائیں گی جو کسی کے بھی حق میں نہیں ہوگا۔ آپ اگلے روز پارلیمنٹرینز شائستہ پرویز اور علی پرویز سے ملاقات کر رہے تھے۔
جمہوریت میں خاموشی نہیں‘ شور ہوتا ہے: مرتضیٰ سولنگی
نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ ''جمہوریت میں خاموشی نہیں‘ شور ہوتا ہے‘‘ اور ملک میں جو شورو غوغا اور ہا ہا کار مچی ہوئی ہے وہ جمہوریت ہی کی وجہ سے ہے اور اصولی طور پر جتنا زیادہ شور ہوگا اتنی ہی جمہوریت بھی پروان چڑھ رہی ہو گی‘ خاص طور پر ایک سیاسی جماعت نے جو اُدھم مچا رکھا ہے اس سے بھی ملک میں جمہوریت کی ریل پیل ثابت ہوتی ہے اور ہم پوری دلچسپی سے اس کی نگرانی کر رہے ہیں جو کہ ہمارے فرائضِ منصبی ہی کا ایک حصہ ہے۔ البتہ اس میں ہمارا اپنا شور شامل نہیں ہے۔ آپ اگلے روز سینیٹ اجلاس میں اظہارِ خیال کر رہے تھے۔
سب میرے ملزم ہیں‘ معاف کردیا: شیخ رشید
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ''سی پی او سمیت سب میرے ملزم ہیں‘ میں نے انہیں معاف کر دیا ہے‘‘ بشرطیکہ انہوں نے بھی مجھے معاف کر دیا ہو اور کبھی پھر گرفتار کرنے کے در پے نہ ہوں جبکہ میں نے بھی ان سے محتاط رہنے کا وعدہ کر لیا ہے‘ حالانکہ میں پہلے بھی کافی احتیاط کا مظاہرہ کرتا رہا ہوں جسے وہ احتیاط نہیں سمجھتے اس لیے خطرات آئندہ بھی میرے ارد گرد منڈلاتے رہیں گے اور اس لیے دونوں کو اپنے اپنے رویے میں ضروری ترمیم کرنا پڑے گی جس کے لیے میں ان کے ساتھ بیٹھ کر بات چیت کرنے کیلئے تیار ہوں۔ بشرطیکہ وہ بھی اس کے لیے دلی طور پر تیار ہوں۔ آپ اگلے روز میڈیا کے سوالات کا جواب دے رہے تھے۔
مریم نواز اگلی وزیراعلیٰ پنجاب ہوں گی: محمد زبیر
نواز لیگ کے رہنما محمد زبیر نے کہا ہے کہ ''قوی امکانات ہیں کہ مریم نواز اگلی وزیراعلیٰ پنجاب ہوں‘‘ کیونکہ میاں نواز شریف کے بعد انہی کا نمبر آتا ہے‘ شنید ہے کہ یہ بھی طے کیا جا رہا ہے کہ میاں نواز شریف اور مریم نواز کے بعد کس کا نمبر آتا ہے کیونکہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز اپنی باریاں لے چکے ہیں‘ اس لحاظ سے تو اگلی نسل کا نمبر ہی آتا ہے‘ سننے میں آیا ہے کہ بہت جلد نئی نسل کا نمائندہ نامزد بھی کردیا جائے گا۔ آپ اگلے روز ایک ادارے سے گفتگو کر رہے تھے۔
افسوس ہے قریب پہنچنے کے
باوجود میچ نہ جیت سکے: بابر
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ''افسوس ہے قریب پہنچنے کے باوجود میچ نہ جیت سکے‘‘ اور یہ بھی بہت غنیمت تھا ورنہ جن کھلاڑیوں کی پانچ ماہ سے تنخواہ ہی نہ ملی ہو وہ تو جیت کے قریب بھی نہیں پہنچ سکتے کیونکہ خالی پیٹ کھیلنا کوئی خالہ جی کا گھر نہیں ہوتا کیونکہ پیٹ میں چوہے دوڑ رہے ہوں تو بائولر بھی دوڑ کے آتا ہوا نظر نہیں آتا۔ اور آئوٹ ہوئے بغیر اور کوئی چارہ کار نظر نہیں آتا جبکہ وہاں گرائونڈ میں اس وقت کوئی بلی بھی دستیاب نہیں ہوتی جو ان چوہوں کا قلع قمع کر سکے۔ اس لیے جو دال دلیا ہم کر سکے ہیں اس کو کافی سمجھا اور ہماری تنخواہیں ادا کرنے کا کوئی انتظام کیا جائے۔ آپ اگلے روز چنئی میں سوالوں کا جواب دے رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں ڈاکٹر ابرار احمد کی نظم:
ہوا ہر اک سمت بہہ رہی ہے
ہوا ہر اک سمت بہہ رہی ہے
جلو میں کوچے مکان لے کر
سفر کے بے انت پانیوں کی تھکان لے کر
جو آنکھ کے عجز سے پرے ہیں
انہی زمانوں کا گیان لے کر
ترے علاقے کی سرحدوں کے نشان لے کر
ہوا ہر اک سمت بہہ رہی ہے
زمین چپ‘آسمان وسعت میں کھو گیا ہے
فضا ستاروں کی فصل سے لہلہا رہی ہے
مکاں مکینوں کی آہٹوں سے دھڑک رہے ہیں
جھکے جھکے نم زدہ دریچوں میں
آنکھ کوئی رکی ہوئی ہے
فصیلِ شہرِ مراد پر
نا مراد آہٹ اٹک گئی ہے
یہ خاک تیری مری صدا کے دیار میں
پھر بھٹک گئی ہے
دیارِ شام و سحر کے اندر
نگارِ دشت و شجر کے اندر
سوادِ جان و نظر کے اندر
خموشی بحر و بر کے اندر
ردائے صبحِ خبر کے اندر
اذیتِ روز و شب میں
ہونے کی ذلتوں میں نڈھال صبحوں کی
اوس میں بھیگتی ٹھٹھرتی
خموشیوں کے بھنور کے اندر
دلوں سے باہر‘ دلوں کے اندر
ہوا ہر اک سمت بہہ رہی ہے
آج کا مطلع
یہاں سب سے الگ سب سے جدا ہونا تھا مجھ کو
مگر کیا ہو گیا ہوں اور کیا ہونا تھا مجھ کو