پاکستان میں 25فیصد لوگ گھریلو صنعتوں سے منسلک ہیں
موم بتی ،کھلونے،جیولری ،ہاتھ کے پنکھےو دیگراشیا گھریلو سطح پر بنائی جاتی ہیں گھریلو صنعتیں معیشت میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں،حکومتی سرپرستی کی ضرورت ہے ،رپورٹ
لاہور(آن لائن)پاکستان میں 25فیصد لوگ گھریلو صنعتوں سے منسلک ہیں۔ گھریلو سطح پر بنائی جانے والی اشیا کارآمد ہونے کے ساتھ ملکی معیشت کو سہارا دینے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے جس کی مثال گھریلو صنعتیں ہیں جن کے ذریعے روزمرہ استعمال کی جانے والی اشیا تیار کی جاتی ہیں، اِن صنعتوں سے گھریلو خواتین کو بھی روزگارمل جاتا ہے،ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کے دیہی علاقے گھریلو صنعتوں کے حوالے سے بہت اہم ہیں۔ سندھ اپنی ثقافتی اشیا ، پنجاب مٹی کے برتنوں اورلکڑی کے کام،بلوچستان سلائی کڑھائی جبکہ سرحد شالوں اور پشاوری چپلوں کے حوالے سے مشہور ہے، پاکستان بھرمیں موم بتی،کھیس،چْنری،کڑھائی،جیولری،بیڈ شیٹس، کھلونے، چنگیر، ہاتھ کے پنکھے،سلائی اور پیکنگ سمیت دیگر اشیا گھریلو سطح پربنائی جاتی ہیں اور انہیں ناصرف پاکستان بلکہ بیرونِ ممالک میں بھی بہت پسندکیا جاتا ہے۔گھریلو صنعتوں کو حکومتی سرپرستی حاصل ہوجائے تو یہ بیروزگاری کے خاتمے کے ساتھ معاشی خوشحالی میں اہم کردارادا کرسکتی ہیں۔