کیتھی پیسیفک کا پاکستان میں فلائٹ آپریشن بند کرنے کا اعلان
28 جون کو پاکستان سے آخری فلائٹ آپریشن مکمل کیا جائے گا، کسی ایئرلائن نے تحریری طور پر آپریشن بند کرنے کا نہیں کہا ، سول ایوی ایشن کا تصدیق سے انکار
کراچی(آن لائن)بین الاقوامی ایئرلائن کیتھی پیسیفک نے پاکستان میں فلائٹ آپریشن بند کرنے کا اعلان کردیا جبکہ ترجمان سول ایوی ایشن نے اس کی تصدیق سے انکار کردیا۔نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان میں کیتھی پیسیفک کے جنرل منیجر سیلز سہیل یونس کا کہنا ہے کہ سکیورٹی وجوہات کے باعث ایئرلائن نے فلائٹ آپریشن مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور 28 جون کو پاکستان سے آخری فلائٹ آپریشن مکمل کیا جائے گا۔دوسری جانب سول ایوی ایشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کسی ایئرلائن نے تحریری طور پر فلائٹ آپریشن بند کرنے کا نہیں کہا جبکہ 2 روز قبل اجلاس کے دوران تمام ایئرلائنز کے نمائندوں نے فلائٹ آپریشن جاری رکھنے پر اتفاق کیا تھا تاہم کیتھی پیسیفک کی جانب سے فلائٹ آپریشن بند کئے جانے کا جائزہ لے رہے ہیں۔واضح رہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر دہشتگردوں کے حملے کے بعد کیتھی پیسیفک نے پاکستان سے فضائی آپریشن بند کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم 12 جون کو سول ایوی ایشن حکام سے مذاکرات کے بعد کمپنی نے فلائٹ آپریشن جاری رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔