ورلڈ بینک کے وفد کا چیچہ وطنی کے مختلف چکوک کادورہ
فصلوں کی بیمہ سکیم کی کامیابی کا جائزہ لینے کیلئے مختلف کسانوں سے ملاقات کی
لاہور(سٹاف رپورٹر)ورلڈ بینک کے وفد کا چیچہ وطنی کے مختلف چکوک کادورہ۔ وفد کی قیادت مسٹر ہانس نے کی۔ اس موقع پر فلوری مارٹی نینٹ،مہرین سعید، عرفان ڈوگر، ڈائریکٹر کراپ رپورٹنگ انور بیگ، پراجیکٹ ڈائریکٹر محمد وسیم، ڈپٹی ڈائریکٹر رانا حبیب الرحمن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی اطلاعات نوید عصمت کاہلوں سمیت دیگر مقامی افسر بھی موجود تھے ۔ وفد نے دورہ کے دوران فصلوں کی بیمہ (تکافل) سکیم کی کامیابی کا جائزہ لینے کیلئے مختلف کسانوں سے ملاقات کی اور ان سے گفتگو کرتے ہوئے اس سکیم کے بارے میں دریافت کیا۔ سکیم سے استفادہ حاصل کرنے کے دوران درپیش مسائل ودیگر رکاوٹوں کے بارے بھی دریافت کیا اور ان سے سکیم سے حاصل ہونے والے فائدہ بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے سورج مکھی اور کینولہ کے سلسلہ میں جاری سبسڈی سکیموں کی افادیت بارے آگاہی حاصل کی۔ مسٹر ہانس نے کاشتکاروں سے اظہار خیال کے دوران گندم و دیگر اجناس کی فروخت کے سلسلہ میں درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔ مسٹر ہانس نے بیمہ اور سبسڈی سکیموں کے طریقہ کار میں رجسٹریشن، نقصان کا اندازہ لگانے اور ازالہ کیلئے وضع کئے گئے نظام، شفافیت اور آن لائن سسٹم کو سراہا۔