یونس خان کو پی سی بی میں اہم ذمہ داریاں ملنے کا امکان
پی سی بی کے رابطے پر لیجنڈری بیٹر کی کرکٹ کی بہتری کیلئے خدمات پیش ، نئے ڈائریکٹر ڈومیسٹک کیلئے نام مجوزہ لسٹ میں شامل ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ عبداللہ خرم نیازی نے پی سی بی کو خیر باد کہہ دیا، آپ سب کیساتھ کام کرنا اعزاز کی بات ،کوچز کو پیغام
لاہور(سپورٹس ڈیسک)سابق کپتان یونس خان کو پی سی بی میں اہم ذمہ داریاں ملنے کا امکان ہے ۔ پی سی بی کے رابطے پر لیجنڈری بیٹر نے کرکٹ کی بہتری کے لیے اپنی خدمات پیش کردی ہیں۔پی سی بی کے نئے ڈائریکٹر ڈومیسٹک کے طور پر بھی یونس خان کا نام مجوزہ لسٹ میں شامل ہے ۔سرفراز احمد اور مصباح الحق کی طرح بورڈ کرکٹ معاملات میں مزید بہتری کے لیے یونس خان کی خدمات سے بھی فائدہ اٹھانے کا خواہشمند ہے ۔ پی سی بی حکام نے چند روز پہلے یونس خان سے باقاعدہ طور پر رابطہ کیا تھا جس پر انہوں نے اپنی دستیابی ظاہر کردی تھی۔معاملات طے ہونے کی صورت میں ہی یونس خان کی باقاعدہ تقرری کا اعلان بورڈ سربراہ محسن نقوی کی منظوری کے بعد سامنے آسکتا ہے ۔دوسری طرف ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ عبداللہ خرم نیازی نے پی سی بی کو خیر باد کہہ دیا۔
ذرائع کے مطابق کل عبداللہ خرم نیازی کا کرکٹ بورڈ میں آخری دن ہوگا، انہوں نے ڈومیسٹک کوچز کو الوداعی پیغام بھی دیدیا۔انہوں نے کہا آپ ہمارے کرکٹ کے ڈھانچے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، میں نے آپ کے تجربات اور تعاون سے بہت کچھ سیکھا ہے ، غیر ارادی طور پر کوئی تکلیف پہنچی ہو تو میں آپ سے مخلصانہ معافی چاہتا ہوں۔الوداعی پیغام میں کہا پچھلے دو سالوں میں آپ سب کے ساتھ کام کرنا ایک اعزاز کی بات ہے ، ہم نے مل کر پاکستان بھر میں کرکٹ کی بہتری کے لیے کوشش کی اور میں ہر سطح پر آپ کی لگن، عزم اور جذبے کی واقعی تعریف کرتا ہوں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے کارکردگی پر مبنی ثقافت متعارف کرانے ، اپنے ڈھانچے کو مضبوط کرنے ، سکول کرکٹ کو فروغ دینے اور مجموعی نظام کو بہتر بنانے کے لیے اجتماعی کوششیں کیں۔