کورونا کے باوجودپھل اورسبزیوں کی ریکارڈ برآمدات

کورونا کے باوجودپھل اورسبزیوں کی ریکارڈ برآمدات

مجموعی برآمدات 12.50فیصد اضافے سے 730ملین ڈالر رہیں ، وحید احمد

کراچی(بزنس رپورٹر)کورونا وائرس کے باوجود گزشتہ مالی سال پھل اور سبزیوں کی مجموعی برآمدات 12.50فیصد اضافے سے 730ملین ڈالر رہیں جو اب تک پھل اور سبزیوں کی برآمدات کی بلند ترین سطح ہے ،2019-20 کے دوران پھلوں کی برآمد میں 3.80فیصد جب کہ سبزیوں کی برآمد میں 28فیصد اضافہ ہوا، پھلوں کی برآمدات کی مالیت 43 کروڑ 12 لاکھ 72ہزار ڈالر جب کہ سبزیوں کی برآمدی مالیت 30کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد کے مطابق ایک ایسے وقت میں جب کہ دنیا بھر میں تجارت کو سخت مشکلات کا سامنا تھا اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے اشیاء کی بروقت ترسیل ممکن نہ تھی ایسوسی ایشن نے کورونا سے پیدا ہونے والے چیلنجز کو امکانات میں بدلنے کیلئے خصوصی حکمت عملی اختیار کی جس میں وفاقی حکومت نے قدم قدم پر ایکسپورٹرز کا ساتھ دیا اور ایکسپورٹ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے بروقت اقدامات اٹھائے گئے ، پاکستان نے فضائی راستے سے ایکسپورٹ مشکل ہونے کے سبب زمینی اور سمندر کے راستے سے ایکسپورٹ کی حکمت عملی اختیارکی، افغانستان اور ایران کی منڈیوں پر توجہ دی گئی،وفاقی حکومت نے بھی پی ایف وی اے کی نشاندہی پر فوری طور پر افغانستان اور ایران کے ساتھ ایکسپورٹ کے مسائل حل کیے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں