ایچ بی ایل بیجنگ میں شاخ کھولنے والا پہلا پاکستانی بینک بن گیا

ایچ بی ایل بیجنگ میں شاخ کھولنے والا پہلا پاکستانی بینک بن گیا

بینکاری تعلقات مضبوط،سی پیک منصوبوں کیلئے آسانیاں پیدا ہونگی،چیئرمین سلطان علی

کراچی(بزنس رپورٹر)ایچ بی ایل نے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں اپنی شاخ کھول دی ہے اور یوں ایچ بی ایل چین میں شاخ کھولنے والا پہلا پاکستانی بینک بھی بن گیا ہے ۔بیجنگ میں ایچ بی ایل کی شاخ کی ورچوئل افتتاحی تقریب گزشتہ روز منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد،چیئرمین ایچ بی ایل سلطان علی الانہ ،صدر ایچ بی ایل محمد اورنگزیب،بینک کی اعلیٰ انتظامیہ اور کسٹمرز نے شرکت کی۔ایچ بی ایل بیجنگ چین میں موجود کسٹمرز کو اپنی مصنوعات و خدمات کی وسیع رینج فراہم کرے گا ۔اس موقع پر ایچ بی ایل کے چیئرمین سلطان علی الانہ کا کہنا تھا کہ چین میں ایچ بی ایل کے سفر کا آغاز2005سے ہوا تھا جب بیجنگ میں ایچ بی ایل نے اپنا نمائندہ دفتر قائم کیا تھا ،ان کا کہنا تھا کہ بیجنگ میں ایچ بی ایل کی شاخ کھلنے سے سی پیک منصوبوں کیلئے آسانیاں پیدا ہوں گی اور دونوں ممالک کے درمیان بینکاری تعلقات مزید مضبوط ہونگے ۔ صدر ایچ بی ایل محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ایچ بی ایل کے لیے چین دوسرے گھر کی طرح ہے اور ایچ بی ایل کی بین الاقوامی حکمت عملی میں چین کو انتہائی اہمیت حاصل ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں