صنعتوں کو درکار ماہر افرادی قوت کی فراہمی ناگزیر، اسماعیل ستار
ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان کے صدر اسماعیل ستار نے کہا ہے کہ صنعتی اداروں سے رابطے ، آجروں کی مشغولیت اور ٹیکنیکل ووکیشنل ٹریننگ کی جانب سے اداروں کو درکار درست مہارت کے ساتھ ماہر افرادی قوت کی تیاری ضروری ہے
کراچی (بزنس رپورٹر )یہ بات انہوں نے اسکل ڈیولپمنٹ کونسل کراچی کی جانب سے ایف پی سی سی آئی اور ای ایف پی کے ساتھ مشترکہ طور پر فیڈریشن ہاؤس میں’’صنعتوں، اداروں میں رابطے ، چیلنجز اور مواقع‘‘سے متعلق اسٹیک ہولڈرز کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اسماعیل ستار نے کہا کہ خطے کے دوسرے ملکوں کی نسبت پاکستانی افرادی قوت کی مہارت کم ہے ،ملک میں ہنرمند افراد کی کمی مقامی صنعتوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ معیاری مصنوعات کی تیاری کی صلاحیت کو محدود کررہی ہے لہٰذا ماہر افرادی قوت برآمدات کے فروغ، سرمایہ کاری مواقع کے علاوہ عالمی مارکیٹ میں مسابقت کیلئے انتہائی اہم ہے ۔