پاک ،شمالی یورپ تجارت کے حجم میں 12.60 فیصد اضافہ

 پاک ،شمالی یورپ تجارت کے حجم میں 12.60 فیصد اضافہ

جولائی تا مارچ شمالی یورپ کو برآمدات 1.98ارب ڈالر سے بڑھ گئیں ،اسٹیٹ بینک

اسلام آباد(اے پی پی)پاکستان اور شمالی یورپ کے ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں پہلی تین سہ ماہیوں کے دوران 12.60 فیصد اضافہ ہوا ،مالی سال کے دوران شمالی یورپی خطے کو پاکستانی برآمدات میں 15.82 فیصدجبکہ ان ممالک سے درآمدات میں 9.62 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں ڈنمارک، فن لینڈ، ناروے ، سویڈن، برطانیہ اور دیگر شمالی یورپی ممالک کو پاکستان کی برآمدات کا حجم ایک ارب 98 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔گزشتہ مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں شمالی یورپ کو پاکستانی برآمدات کا حجم ایک ارب 71 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔مارچ 2021ء میں شمالی یورپی ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 25 کروڑ 57 لاکھ 30 ہزار ڈالر ڈالر ریکارڈ کیا گیا ۔اسٹیٹ بینک کے مطابق پہلی3 سہ ماہیوں میں ڈنمارک، فن لینڈ، ناروے ، سویڈن، برطانیہ اور دیگر شمالی یورپی ممالک سے درآمدات کا حجم دو ارب 12 کروڑ 60 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔یہ شرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء کی پہلی تین سہ ماہیوں کے مقابلہ میں 9.62 فیصد زیادہ ہے ، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں شمالی یورپ کے ممالک سے درآمدات کا حجم ایک ارب 93 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔مارچ 2021ء کے دوران شمالی یورپی ممالک سے درآمدات کا حجم 32 کروڑ 25 لاکھ 50 ہزار ڈالر رہا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں