خصوصی اے ٹی ایم مانیٹرنگ سے ٹھوس نتائج برآمد ، اسٹیٹ بینک
عید تعطیلات کے دوران کمرشل بینکوں سے 137.8 ارب روپے نکالے گئے
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں کی مشترکہ کوششوں سے رمضان اور عیدالفطر کے دوران اے ٹی ایم خدمات کے کارگر رہنے کا وقت اوسطاً 96.5 فیصد رہا، اس سے عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران اپ ٹائم مزید بہتر ہوکر 98 فیصد ہوگیا، اس کے علاوہ رمضان اور عید کی تعطیلات کے دوران 63.2 ملین ٹرانزیکشنز کے ذریعے 827.2 ارب روپے نکالے گئے جب کہ صرف عید کی تعطیلات کے دوران 11.6 ملین ٹرانزیکشنز کے ذریعے 137.8 ارب روپے نکالے گئے۔ اسٹیٹ بینک نے رمضان اور عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران نقد رقوم کی بلند طلب کے پیش نظر اے ٹی ایم مانیٹرنگ کی ایک خصوصی مشق کا آغاز کیا،اس ضمن میں اسٹیٹ بینک کے اندر اس کام کیلئے وقف ایک ٹیم تشکیل دی گئی تا کہ برمقام اور فاصلاتی معائنوں اور نگرانی کے ذریعے تمام بینکوں کے ملک گیر اے ٹی ایم آپریشنز پر نظر رکھی جا سکے ۔ عوام کی جانب سے ٹیموں کو500سے زیادہ شکایات موصول ہوئیں جنہیں کم سے کم وقت میں حل کرنے کیلئے بینکوں سے فوری رابطہ کیا گیا۔