بیرون ملک سے فنانسنگ جمع کرنے کیلئے کنورٹیبل ڈیٹ متعارف
اقدام سے زیادہ بیرونی سرمایہ کاری کو متوجہ کرنے میں مدد ملے گی،اسٹیٹ بینک
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹیٹ بینک نے نئی قائم ہونے والی اسٹارٹ اپ کمپنیوں کو بیرونِ ملک سے فنانسنگ جمع کرنے میں سہولت دینے کی غرض سے انہیں ’’کنورٹیبل ڈیٹ‘‘کے طور پر فنانسنگ حاصل کرنے کی اجازت دی ہے ، کنورٹیبل قرضہ فنانسنگ کی قسم ہے جس میں یہ آپشن ہوتا ہے کہ بعض شرائط و ضوابط کے تحت اسے قرضہ لینے والی کمپنی کے ایکوٹی شیئرز میں تبدیل کیا جا سکتا ہے ۔تازہ ہدایات سے قبل کاروباری اداروں کو اجازت تھی کہ وہ بیرونِ ملک سے بیرونی کرنسی میں قرضے فارن ایکسچینج مینول کے چیپٹر 19میں بتائے گئے پیرامیٹرز کے تحت حاصل کر سکتے ہیں تاہم قرضے کو مقروض کمپنی کی ایکوٹی میں تبدیل کرنے کا آپشن فراہم کرنیوالی ایسی کوئی مخصوص کیٹیگری نہیں تھی،توقع ہے کہ اس اقدام سے زیادہ سرمایہ کاری کو متوجہ کرنے میں مدد ملے گی۔