اگست:بیرونی سرمایہ کاری 7.40کروڑڈالر تک محدود

اگست:بیرونی سرمایہ کاری 7.40کروڑڈالر تک محدود

جاری کھاتے کا خسارہ ایک ارب 47کروڑ ڈالرریکارڈکیا گیا ،اسٹیٹ بینک

کراچی(بزنس رپورٹر)رواں سال اگست میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 7کروڑ 40لاکھ ڈالر تک محدود رہی جب کہ درآمدات میں اضافے کے ساتھ جاری کھاتے کے خسارے میں بھی اضافہ ہورہا ہے اورگزشتہ ماہ جاری کھاتے کا خسارہ ایک ارب 47 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا ۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق اگست 2020 میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 11کروڑ67لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی، اگست 2021میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 11کروڑ32لاکھ ڈالر رہی جبکہ گزشتہ سال اگست میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 12 کروڑ 61 لاکھ ڈالر رہی تھی۔گزشتہ ماہ پورٹ فولیو سرمایہ کاری سے انخلاء ایک کروڑ 36لاکھ ڈالر رہا جو اگست 2020 میں 31لاکھ ڈالر تھا،غیرملکی پبلک انوسٹمنٹ سے بھی انخلاء دیکھا گیا اور اگست 2021میں غیرملکی پبلک انوسٹمنٹ منفی 2 کروڑ 55 لاکھ ڈالر رہی۔ رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری ایک ارب 16 کروڑ 49 لاکھ ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال کے پہلے دو ماہ میں کی جانے والی 11کروڑ92لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری سے ایک ارب 4کروڑ57لاکھ ڈالر زائد رہی۔ جولائی تا اگست 2021کے دوران مجموعی غیرملکی نجی سرمایہ کاری 5.5فیصد اضافے سے 20کروڑ31لاکھ ڈالر رہی جبکہ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 20.3فیصد کمی سے 20کروڑ31کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ پورٹ فولیو سرمایہ کاری کا انخلاء ایک کروڑ47لاکھ ڈالرتک محدود رہا جب کہ غیرملکی پبلک انوسٹمنٹ 97کروڑ65لاکھ ڈالر رہی ۔مزید برآں اسٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق اگست 2021میں جاری کھاتے کا خسارہ ایک ارب 47 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جبکہ جولائی 2021میں جاری کھاتے کا خسارہ 81 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہا تھا،اعدادوشمار کے مطابق اگست 2020 میں جاری کھاتہ 25 کروڑ 50 لاکھ ڈالر فاضل رہا تھا۔ رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کا خسارہ 2 ارب 29 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔ اگست 2021کے دوران تجارتی خسارہ 3.65ارب ڈالر رہا جو گزشتہ ماہ جولائی 2021میں 3.14ارب ڈالر تھا۔ رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران بیرونی تجارت کو 6.80ارب ڈالر خسارہ ہوا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں