اسٹاک ایکسچینج :تیزی،45ہزارکی حدبحال،92ارب منافع

اسٹاک ایکسچینج :تیزی،45ہزارکی حدبحال،92ارب منافع

منافع بخش شعبے متحرک ،870پوائنٹس بڑھکر100انڈیکس45499پربند

کراچی (بزنس رپورٹر )بارہ ربیع الاول کی عام تعطیل کے بعد بدھ کو اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان رہا ،کے ایس ای 100 انڈیکس 870 پوائنٹس کے اضافے سے 45ہزارکی نفسیاتی حدپر بحال ہو کر 45499 پر بند ہوا،اس دوران سرمایہ کاروں کو 92ارب کا منافع ہواجبکہ 75.90فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ۔تفصیلات کے مطابق آئل فیلڈز اور پاور سیکٹرز سمیت مختلف اداروں کے مثبت مالیاتی نتائج اور ٹیلی کام سمیت دیگر منافع بخش شعبوں میں سرمایہ کاری کی بدولت اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو زبردست تیزی کا رجحان غالب رہا ،سرمایہ کاروں اور مالیاتی ادارو ں نے نہ صرف کم قیمت حصص کی خریداری میں دلچسپی لی بلکہ نئی سرمایہ کاری بھی کی جس کی وجہ سے مارکیٹ مستحکم انداز میں بلندی کی جانب گامزن رہی ۔ کاروبارکے اختتام پر کے ایس ای30انڈیکس368پوائنٹس کے اضافے سے 17824 پوائنٹس پر جا پہنچا جبکہ آل شیئرز انڈیکس 30674پوائنٹس سے بڑھ کر31103پوائنٹس پر بند ہوا۔ سرما یہ78کھرب58ارب ہوگیا، بدھ کو10ارب روپے مالیت کے 30 کروڑ 81 لاکھ 86 ہزار حصص کے سودے ہوئے ،مجموعی طور پر 361 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 274کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،79میں کمی اور8 میں استحکام رہا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں