انڈونیشیا دوطرفہ تجارتی تعلقات مستحکم بنانے کا خواہش مند

انڈونیشیا دوطرفہ تجارتی تعلقات مستحکم بنانے کا خواہش مند

پاکستان کی آئی ٹی مہارت سے فائدہ حاصل کرناچاہتے ہیں،قونصل جنرل ڈاکٹر جون

کراچی (بزنس رپورٹر )انڈونیشیا کے قونصل جنرل ڈاکٹر جون کونکورو ہاڈینی نگراٹ نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ انڈونیشیا پاکستان پورٹل دونوں ملکوں کی تاجر برادری کو ایک دوسرے کے ساتھ منسلک کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے کیونکہ انڈونیشیا اور پاکستان کے نوجوانوں اور نوجوان کاروباری افراد کے درمیان رابطہ بہت اہمیت کا حامل ہے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر عبدالرشیدکی دعوت پر ایسوسی ایشن کے دورے کے موقع پرکیا۔ انہوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ طلباء کو انٹرن کے طور پر شامل کریں تاکہ باہمی رابطوں میں اضافہ ہو سکے ۔انہوں نے پاکستان کی آئی ٹی کمپنیوں کی مہارت سے فوائد حاصل کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔اس موقع پر صدر عبدالرشید نے انڈونیشیا کے قونصل جنرل کا خیرمقدم کرتے ہوئے سائٹ ایریا کا مختصر تعارف پیش کیا۔سائٹ کے سینئر ممبر اور سابق چیئرمین مجید عزیز نے ماربل سیکٹر میں برآمدات کی نئی راہیں تلاش کرنے کی تجویز دی۔انڈونیشین قونصل جنرل نے اجلاس کے بعد سائٹ کرائم مانیٹرنگ سیل، فائر ٹینڈرز اور ایمبولنس سروس کا دورہ کیا جو سائٹ ایسوسی ایشن کے تحت صنعتکاروں کو خدمات فراہم کررہاہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں