آل سندھ چیمبرز کانفرنس،ریاست مخالف بیانیے کی مذمتی قراردادمنظور

آل سندھ چیمبرز کانفرنس،ریاست مخالف بیانیے کی مذمتی قراردادمنظور

کراچی (بزنس رپورٹر )لاڑکانہ چیمبر کی جانب سے ممتاز علی شیخ کی سربراہی میں پہلی صدارتی آل سندھ چیمبرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔۔

جس میں سندھ بھر کے چیمبرز کے صدور،عہدیداران،بزنس کمیونٹی کے نمائندوں سمیت ملک کے تمام صوبوں سے یونائیٹڈ بزنس گروپ کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی پنجاب کے نگران وزیر برائے صنعت وتجارت ایس ایم تنویر،یو بی جی کے چیئرمین شہزاد ملک اور اپٹما کے سرپرست اعلیٰ اعجاز گوہر تھے ۔ اس موقع پر ایس ایم تنویر نے بزنس کمیونٹی میں اتحاد اور یکجہتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستان کی بز نس کمیونٹی کو سنگین چیلنجز کا سامنا ہے ۔ سیاسی عدم استحکام کے باعث معاشی صورتحال انتہائی خراب ہوچکی ہے ،پاکستانی روپے کی قدر تاریخ کی کم ترین سطح پر آگئی ہے ۔ دوسری جانب گیس، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور زبوں حال انفرااسٹرکچرکی وجہ سے معیشت دیوالیہ ہونے کے دہانے پر کھڑی ہے ۔کانفرنس میں بزنس کمیونٹی کا سیاسی استحکام پر یقین اور 9 مئی 2023 کو پیش ہونے والے سانحہ کی مذمت،بزنس کمیونٹی کا مشکل کی اس گھڑی میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے اور ریاست مخالف بیانیے کی مذمتی قراردادیں متفقہ طور پر منظور کی گئیں۔ قرار داد میں کہا گیا کہ اس وقت پاکستان کی بزنس کمیونٹی شدید بحران کا شکار ہے جسے اس بحران سے نکالنے کے لیے آنے والے بجٹ میں ٹیکس ریلیف دیا جائے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں