سیب کی ویلیو ایڈیشن بڑھانا ضروری ہو گیا، ہارٹی کلچر ماہرین

  سیب کی ویلیو ایڈیشن بڑھانا ضروری ہو گیا، ہارٹی کلچر ماہرین

کراچی (کامرس ڈیسک)ہارٹی کلچر ماہرین نے کہا ہے کہ ملک میں پیدا ہونے والے سیب کی ویلیو ایڈیشن بڑھانا ضروری ہو گیا ہے۔۔

 ، اس وقت ملک میں تقریباً 2 لاکھ ایکڑ پر سیب کی کاشت کی جاتی ہے ، اس کی سالانہ پیداوار تقریباً 7 لاکھ ٹن ہے جو کافی نہیں ہے ،پاکستان ہارٹی کلچر ڈیولپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ کمپنی کے زیر اہتمام ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان کی انسپکشن ٹیم کے تکنیکی رکن ڈاکٹر محمد جاوید ترین، سرگودھا یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر راشد مختار، پی ایچ ڈی ای سی کے منیجر ایگری پراڈکٹس خاور ندیم اور میزبان ادارے کے منیجر ایگری پروڈکٹس راحیل عباس اور اسسٹنٹ منیجر ذوالقرنین ضیا نے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں سیب سے جو اشیا بنائی جاتی ہیں ان کی تعداد بہت کم ہے ، ان ویلیو ایڈڈ اشیا میں اضافہ ضروری ہے ، سیب کو طویل عرصے تک محفوظ رکھنے کیلئے جدید کولڈ اسٹوریج بنانے ہوں گے ، پروسیسنگ کیلئے درکار معیاری خام مال کی کمی ایک بڑا مسئلہ ہے جسے جلد حل کرنا ہوگا، ایسی حکمت عملی اپنانا ہوگی کہ صرف ایک موسم میں نہیں بلکہ سارا سال ملک میں سیب کی پیداوار اور پروسیسنگ جاری رہے ۔ ویبینار میں بلوچستان کے پہاڑی علاقوں،قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، سوات اور دیگر علاقوں سے سیب کے کاشت کاروں، ریسرچ کمپنیوں ،پروسیسنگ کرنے والوں اور اس شعبے کے فروغ کیلئے تحقیق میں مصروف شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے اس ویبینار کو انتہائی مفید ، معیاری اور معلوماتی قرار دیا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں