تنظیم تاجران کا پٹرولیم قیمتوں میں کم ازکم100روپے لٹرکمی کا مطالبہ
اسلام آباد(نمائندہ دنیا)مرکزی تنظیم تاجران کے صدر کاشف چودھری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو اونٹ کے منہ میں زیرہ قرار دیا۔۔
اپنے بیان میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم قیمتوں میں کم از کم 100 روپے لٹر کمی کی جائے اور بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافے کو فوری واپس لیا جائے ۔کاشف چودھری نے کہا کہ حکومت پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ زیادہ کرتی ہے ،حکومت عالمی منڈی میں پٹرولیم قیمتوں میں واضح کمی کے باوجود معمولی کمی کرکے خوشی کے شادیانے بجا رہی ہے اور اس کا کریڈٹ ایسے لیا جا رہا ہے جیسے بڑا معرکہ سر انجام دیدیا ہو،حکومت نے ایک طرف پٹرولیم قیمتوں میں معمولی کمی کی اور دوسرے جانب فیول ایڈ جسٹمنٹ کے نام پر بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 1.61روپے اضافہ کرکے صارفین پر بجلیاں گرا دی ہیں۔