آئی پی پیز معاہدے بجلی بحران کی اصل وجہ ،فاروق شیخانی
حیدرآباد(نمائندہ دنیا)حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدرفاروق شیخانی نے کہا ہے کہ بجلی کے بحران کی اصل وجہ بجلی کی چوری کے ساتھ خود مختار پاور پروڈیوسر (آئی پی پیز)سے کئے گئے معاہدے ہیں۔
یہ معاہدے ہر حکومت نے صرف اپنے فائدے کیلئے کیے اور اس کا خمیازہ ہمیشہ تاجروں اور عوام کو بجلی کی عدم دستیابی اور مہنگی بجلی کی صورت میں برداشت کرناپڑتا ہے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بجلی کی فی یونٹ قیمت 60 روپے سے تجاوز کر چکی ہے جو تاجر و عوام کیلئے ناقابلِ برداشت ہے ۔صدر چیمبر فاروق شیخانی نے تمام حکام بالا سے اپیل کی کہ ان معاہدوں کو کرنے والے اور ان سے مستفید ہونے والے لوگوں پر قانون کے مطابق ایکشن لے کر قرار واقعی سزا دی جانی چا ہیے تاکہ عوام اور تاجر و صنعتکار کو سستی اور معیاری بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے ۔