ڈالر کی قیمت میں اضافے کا رجحان،فی تولہ سونا سستا
کراچی(کامرس ڈیسک،این این آئی )ملک میں ڈالر کی قیمت بڑھنے کا رجحان جاری ہے ۔ کاروباری ہفتے کے پہلے دن ہی ڈالر کے انٹربینک ریٹ 285روپے سے تجاوز کرگئے جبکہ اوپن ریٹ 287روپے کی سطح پر آگئے ۔
انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر ڈالر کی قدر 17پیسے گھٹ کر 284روپے 14پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن اس دوران وقفے وقفے سے ڈیمانڈ آنے سے ڈالر کی پیش قدمی شروع ہوئی۔نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 97پیسے کے اضافے سے 285روپے 28پیسے کی سطح پر بند ہوئی، اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر یکدم 2روپے کے اضافے سے 285روپے 28پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔ دریں اثنا ء صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی کے ساتھ عالمی مارکیٹ میں بھی نرخ کم ہوگئے۔ مقامی مارکیٹ میں 10 گرام سونا 343 روپے اور فی تولہ 400 روپے سستا ہوگیا، جس کے بعد 10 گرام سونے کی قیمت ایک لاکھ 83 ہزار 642 روپے پر آگئی ۔صرافہ مارکیٹ میں کمی کے بعد فی تولہ سونا 2 لاکھ 14 ہزار200 روپے کا ہوگیا ، عالمی سطح پرسونے کی قیمت 9 ڈالر کمی سے 2003 ڈالر فی اونس ہوگئی ۔