اسٹاک ایکسچینج:بلندیوں کانیا ریکارڈ ،98ارب منافع

اسٹاک ایکسچینج:بلندیوں کانیا ریکارڈ ،98ارب منافع

کراچی (بزنس رپورٹر )اسٹاک مارکیٹ نے کاروباری ہفتے کے پہلے ہی روزبلندیوں کا ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ۔ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس 59800پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا کاروباری تیزی سے مارکیٹ کے سرمائے میں98ارب روپے سے زائد کاا ضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔۔

جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم86کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ62.65فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو سرمایہ کاروں نے ٹیلی کام،سیمنٹ اور بینکنگ سیکٹر میں کھل کر سرمایہ کاری کی ۔ ماہرین کے مطابق عام انتخابات کے اعلان بعد سرمایہ کار متحرک دکھائی دے رہے ہیں اور معیشت مستحکم ہونے پر پیر کو سرمایہ کاروں نے بینکنگ سیکٹر میں زیادہ دلچسپی لی۔ان کا کہنا تھا کہ بینکس اچھے ڈیونڈز کی پیش کش کر رہے ہیں اور ان کی ویلیوایشن بھی متاثرکن ہے ، روایتی طور پر یہ سیکٹر غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پسندیدہ رہا ہے اور ممکن ہے کہ یہ دوبارہ بینکنگ سیکٹر کے حصص خریدیں۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 724.99پوائنٹس کے اضافے سے 59811پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح 223پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای30انڈیکس19860پوائنٹس اورآل شیئرز انڈیکس 39559پوائنٹس سے بڑھ کر39947پوائنٹس پر جا پہنچا ۔مجموعی سرمایہ بڑھ کر86کھرب48ارب روپے ہوگیا۔پیر کو20ارب روپے مالیت کے 65کروڑ75لاکھ80ہزار حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طور پر 391کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 245کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،121میں کمی اور25میں استحکام رہا ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں