پاکستان کیساتھ مضبوط کاروباری تعلقات چاہتا، الجزائری سفیر

پاکستان کیساتھ مضبوط کاروباری تعلقات چاہتا، الجزائری سفیر

اسلام آباد(این این آئی)الجزائر کے سفیر براہیم رومانی نے کہاہے کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ مضبوط تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے کیونکہ دونوں ممالک بہت سے شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کی بہتر صلاحیت رکھتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان الجزائر کو تسلیم کرنے والے اولین ممالک میں سے ایک ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ دونوں ممالک اپنی معیشتوں کے بہتر نتائج کے حصول کے لیے کاروباری تعلقات کو بہتر بنانے پر توجہ دیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ براہیم رومانی نے کہا کہ الجزائر ایک اہم جغرافیائی محل وقوع پر واقع ہے جس کے پاس قدرتی وسائل کی وافر مقدار موجود ہے لہذا پاکستان کے سرمایہ کار الجزائر میں سرمایہ کاری کر کے اپنی مصنوعات کو افریقی مارکیٹ میں برآمد کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ الجزائر کا تجارتی وفد لاہور اور کراچی میں ہونے والی نمائشوں میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی بھی اپنا ایک وفد کاروبار کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے الجزائر بھیجے ، سفارتخانہ اس سلسلے میں ہرممکن تعاون کرے گا۔

اس موقع پر اسلام آباد چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور الجزائر کے درمیان دوطرفہ تجارت بہت کم ہے لہذا دونوں ممالک نجی شعبوں کو قریب لا کر باہمی تجارت کو کم از کم 1 ارب ڈالر تک بڑھانے کی کوشش کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور الجزائر زراعت، تعمیراتی مواد، کیمیکلز ، ایلومینیم، پلاسٹک مصنوعات ، الیکٹرک اور الیکٹرانک کا سامان ،کھانے پینے کی چیزوں سمیت متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کر سکتے ہیں لہذا ان مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیکسٹائل، فارماسوٹیکلز، آلات جراحی، چمڑے کی مصنوعات اور کھیلوں کے سامان سمیت متعدد معیاری مصنوعات تیار کر رہا ہے لہذا الجزائر پاکستان سے ان کی درآمدات بڑھانے پر توجہ دے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں