یو اے ای کا 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان خوش آئند
کراچی(آن لائن)ایف پی سی سی آئی میں بزنس مین پینل کی جانب سے نائب صدر کے امیدواراوررائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (ریپ) کے سابق چیئرمین رفیق سلیمان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای)کی جانب سے پاکستان میں 20 سے 25 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے۔۔
کہا کہ یو اے ای بلاشبہ پاکستان کا مضبوط ترین دوست ہے اور پاکستان کے مشکل حالات میں ہمیشہ ہی یو اے ای نے ساتھ دیا ہے ، موجودہ حالات میں کراچی میں تعینات یو اے ای کے قونصل جنرل ڈاکٹر بخیت عتیق الرومیتھی کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی خوشخبری سے پاکستان اور یو اے ای کے کاروباری ادارے مزید قریب آئیں گے ۔رفیق سلیمان نے کہا کہ25 ارب ڈالر کی بڑی سرمایہ کاری آئندہ دنوں میں شروع ہونے سے معیشت کو استحکام ملے گا اور برآمدات میں بھی تیزی آئیگی۔ رفیق سلیمان نے یو اے ای کی جانب سے سی پیک میں بھی شمولیت کی پیشکش پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ سی پیک میں یو اے ای کے شامل ہونے سے یہ منصوبہ مزید مضبوط ہوگا۔