اسٹاک مارکیٹ ،گزشتہ ہفتے بلندیوں کے ریکارڈ ٹوٹ گئے

 اسٹاک مارکیٹ ،گزشتہ ہفتے بلندیوں کے ریکارڈ ٹوٹ گئے

کراچی (آن لائن)آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹینڈ بائی معاہدے سے سرمایہ کاروں میں اعتماد ، معیشت کی بہتری،ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپیہ کی قدر بڑھنے اور پاکستان کو قسط کے اجرا کی منظوری کیلئے ماہ جنوری2024ء میں آئی ایم ایف بورڈ اجلاس سے جڑی توقعات پر پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے گذشتہ ہفتے بلندیوں کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ ڈالے۔۔

 اور4500پوائنٹس کے ریکارڈ اضافے مارکیٹ نے ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کر لیا ،ملکی تاریخ میں پہلی بار100انڈیکس 66200پوائنٹس کی حد عبور کرگیا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں 6 کھرب 12ارب روپے سے زاید کا اضافہ بھی ریکارڈ کیاگیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 88کھرب روپے سے بڑھ کر 94کھرب روپے پر جا پہنچا ۔کاروباری تیزی سے ایک ہفتے کے دوران 59.76فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے مسلسل پانچوں دن تیزی دیکھنے میں آئی ۔اسٹاک ماہرین کے مطابق تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں اور مسلسل غیر ملکی خریداری سمیت سرمایہ کاروں کو اقتصادی پالیسیوں کے حوالے سے نیا اعتماد حاصل ہونے اور کم قیمتوں کا فائدہ اٹھا نے سے مارکیٹ بلندیوں کی نئی سطح کو چھو رہی ہے ۔گزشتہ ہفتے کاروباری تیزی سے انڈیکس 66273.73پوائنٹس کی بلند ترین سطح کو چھو گیا تھا تاہم کاروباری اتار چڑھاؤ کے باعث انڈیکس 62061.37پوائنٹس کی پست سطح پر بھی ٹریڈ ہوتا دیکھاگیا ۔اسٹاک مارکیٹ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے ایس ای100انڈیکس میں 4532.38 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیاجس سے انڈیکس 61691.25پوائنٹس سے بڑھ کر 66223.63 پوائنٹس ہو گیا۔کاروباری تیزی سے مارکیٹ کے سرمائے میں ایک ہفتے کے دوران 6 کھرب 12 ارب 88 کروڑ 11 لاکھ 72 ہزار 186 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں