چند برس میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی متوقع،کے ٹریڈ سکیورٹیز

 چند برس میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی متوقع،کے ٹریڈ سکیورٹیز

کراچی(این این آئی)پاکستان میں اسٹاک اینڈ کموڈٹی بروکریج کے ٹریڈ سکیورٹیز نے آئندہ چند برس میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی معیشت نیچے چلی جائے گی۔۔۔

امریکی ڈالر کی قدر میں کمی کے ساتھ ابھرتی ہوئی معیشتوں کو فائدہ ہوگا،2019 سے اب تک ٹی بل کے اجرا میں 125 فیصد اضافہ ہوا ، ریزرو بیلنس میں 118 فیصد اضافہ ہوا ہے ، ٹی بلز اور ریزرو بیلنس پر سود کی ادائیگیاں مل کر امریکی معیشت پر دباؤڈال رہی ہیں۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق پاکستان میں اسٹاک اینڈ کموڈٹی بروکریج کے ٹریڈ سکیورٹیز کی جانب سے شائع ہونے والی امریکی ڈالر کے وسط اور طویل مدتی رجحان کے حوالے سے ایک تحقیقی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے دبا ؤ ، توسیعی مانیٹری پالیسی اور محدود مالیاتی پالیسی کے متوقع امتزاج کے پیش نظر آئندہ چند برس میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی کا امکان ہے ۔رپورٹ میں عالمی زرمبادلہ میں امریکی ڈالر کے غلبے کا تنقیدی جائزہ ،تجارت،تیل اور طویل مدت میں امریکی ڈالر کی قدر کو تشکیل دینے والے دیگر جیو پولیٹیکل اور معاشی عوامل میں موجودہ بین الاقوامی حرکیات پر تکنیکی تجزیہ پیش کرتے ہوئے 2023 میں امریکا میں دیکھی جانے والی ترقی کے دو اہم محرکات کی عدم موجودگی کا ذکر کیا گیا ہے ،امریکی مالیاتی خسارے میں غیر معمولی اضافہ اور سرپلس بچت میں کمی،اس کے نتیجے میں کھپت میں کمی اور کاروباری سرمایہ کاری کے کمزور ہونے کی وجہ سے ترقی کی رفتار سست ہونے کا امکان ہے ،جس سے امریکی معیشت نیچے چلی جائے گی۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ امریکی انتظامیہ کی طرف سے براہ راست اور ثانوی پابندیوں کی وجہ سے امریکی ڈالر میں اثاثے رکھنے یا فنانس بڑھانے کے خطرات میں اضافہ ہوتا ہے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں