اسٹاک مارکیٹ اتار چڑھاؤ کے بعد 80ہزار کی نفسیاتی حد گنوا بیٹھی
کراچی(آن لائن)پاکستان اسٹاک مارکیٹ گزشتہ ہفتے کاروباری اتار چڑھاؤ کا شکار رہی اور مارکیٹ80ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد گنوا بیٹھی۔کے ایس ای 100انڈیکس 200سے زائد پوائنٹس گھٹ گیا ۔
جس کی وجہ سے انڈیکس79900پوائنٹس کی پست سطح پر بند ہوا جبکہ 47.41فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں، تاہم مارکیٹ کے سرمائے میں35ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کی وجہ سے سرمائے کا مجموعی حجم 106کھرب روپے سے تجاوز کر گیا۔ گذشتہ ہفتے مارکیٹ میں3دن تیزی رونما ہوئی ،اس دوران انڈیکس 610.07پوائنٹس بڑھ گیا ،تاہم2دن کی مندی سے انڈیکس878.77پوائنٹس لوز کر گیا تھا۔ اسٹاک ماہرین کے مطابق سیاسی افق پر چھائی غیر یقینی صورتحال نے اسٹاک مارکیٹ کی کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کیا ،اگرچہ مقامی انسٹی ٹیوشنز اور بروکریج ہاؤسز نے کم قیمت حصص کی خریدار ی میں دلچسپی بھی لی مگر بعض اسٹاکٹس میں فروخت کے دباؤ سے تیزی کے اثرات زائل بھی ہوتے دیکھے گئے ۔ مارکیٹ میں8جولائی سے 12جولائی تک کے کاروباری دنوں میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 268.70پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس 80212.79پوائنٹس سے کم ہو کر 79944.10 پوائنٹس ہو گیا ،اسی طرح 189.35 پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 25711.84 پوائنٹس سے کم ہو کر25500.49پوائنٹس پر بند ہوا ۔