اسٹاک ایکسچینج :کاروباری ہفتے کا منفی آغاز،23ارب خسارہ
کراچی (آن لائن )اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کا آغاز منفی زون میں ہوا۔کے ایس ای 100 انڈیکس 282 پوائنٹس کی کمی سے 78615 پوائنٹس پربند ہوا۔۔
اس دوران سرمایہ کاروں کو 23 ارب روپے کا خسارہ ہوا جبکہ 51.46 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں۔ تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو اگرچہ کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا تاہم بعض اسٹاکٹس میں فروخت کا دباؤ غالب آگیا جس کی وجہ سے انڈیکس کی الٹی گنتی شروع ہو گئی اور مارکیٹ تنزلی کا شکار ہو کر منفی زون میں بند ہوئی ۔آئل اینڈ گیس ،پاور اور آٹو سیکٹر کی کارکردگی مایوس کن رہی جبکہ سیمنٹ سیکٹر میں ملا جلا رجحان رہا ۔کاروبار کے اختتا م پرکے ایس ای 30 انڈیکس 51 پوائنٹس کی کمی سے 24856 پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 50814 پوائنٹس سے گھٹ کر 50691 پوائنٹس پر آگیا ۔مجموعی سرمایہ گھٹ کر 104 کھرب 53 ارب روپے رہ گیا۔ پیر کو 10 ارب روپے مالیت کے 49 کروڑ 11 لاکھ 24 ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ گزشتہ جمعہ کو 12 ارب روپے مالیت کے 74 کروڑ 30 لاکھ 72 ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔