موبائل بینکاری ایپس کے ذریعے ادائیگیا ں70 ٹریلین ہوگئیں

موبائل بینکاری ایپس کے ذریعے ادائیگیا ں70 ٹریلین ہوگئیں

کراچی(بزنس رپورٹر )بینک دولت پاکستان نے مالی سال 2023-24ء کے لیے قومی ادائیگی ایکوسسٹم میں اپنی اہم نمو کو اجاگر کرنے والی سالانہ رپورٹ جاری کردی ہے ۔

رپورٹ میں ڈجیٹل ادائیگیوں میں نمایاں نمو کے بارے میں بتایا گیا ہے جس کا سبب ڈجیٹل ادائیگی چینلز کی بڑھتی ہوئی دستیابی اور ان کو اپنایا جانا ہے ، جس سے ملک بھر میں صارفین کی جانب سے ان سسٹمز پر بڑھتے ہوئے انحصار کی عکاسی ہوتی ہے ۔رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ پاکستان کا ادائیگی کا ماحول مسلسل ڈجیٹل ادائیگیوں کو اختیار کررہا ہے ۔ مالی سال 24ء میں خردہ ادائیگیوں میں غیرمعمولی نمو دیکھی گئی اور ان کی ٹرانزیکشنز کا حجم 4.7 ارب سے بڑھ کر 6.4 ارب ہوگیا اور ان ٹرانزیکشنز کی مالیت 403 ٹریلین روپے سے بڑھ کر 547 ٹریلین روپے ہوگئی، یعنی حجم اور مالیت دونوں میں لگ بھگ 35 فیصد کی نمو ہوئی۔ اہم بات یہ ہے کہ حجم کے لحاظ سے ڈجیٹل ادائیگیوں کا حصہ مالی سال 23ء میں 76 فیصد سے بڑھ کر مالی سال 24ء میں 84 فیصد ہوگیا۔اس توسیع کو ڈجیٹل ذرائع کے استعمال کنندگان کی بڑھتی ہوئی تعداد سے منسوب کیا جا سکتا ہے ۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ موبائل ایپ بینکاری کا استعمال کرنے والوں کی تعداد میں 16 فیصد، انٹرنیٹ بینکاری کے استعمال کنندگان میں 25 فیصد اور برانچ لیس بینکاری موبائل ایپ والٹس کے استعمال کنندگان میں 2 فیصد اضافہ ہوا ہے ، جبکہ مالی سال 24ء کے دوران ای والٹس استعمال کرنے والوں کی تعداد میں 85 فیصد سالانہ کا متاثر کن اضافہ ہوا۔ رپورٹ میں موبائل بینکاری ایپس اور انٹرنیٹ بینکاری پورٹلز کے ذریعے کی جانے والی ڈجیٹل ادائیگیوں کا اہم کردار بھی اجاگر کیا گیا، جس سے ٹرانزیکشنز میں مجموعی طور پر 62 فیصد اضافہ ہوا اور وہ 1,346 ملین تک پہنچ گئیں، ان ٹرانزیکشن کی مالیت 74 فیصد اضافے سے 70 ٹریلین روپے تک پہنچ گئی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں