سیکیورٹی پیپرز لمیٹڈ کے منافع میں 5.75 فیصد اضافہ
کراچی(بزنس ڈیسک)سیکیورٹی پیپرز لمیٹڈ(ایس پی ایل)نے مالی سال 2024-25 کی پہلی سہ ماہی کیلئے اپنے غیر آڈٹ شدہ مالی نتائج کا اعلان کر دیا۔
کمپنی نے بعد از ٹیکس منافع میں5.75 فیصد اضافہ ریکارڈ کیاجس سے فی حصص آمدنی (ای پی ایس)میں 6.52 روپے اضافہ ہوا ۔مالی سال 2024-25 کی پہلی سہ ماہی کے دوران ایس پی ایل نے 2,059 ملین روپے کی خالص فروخت حاصل کی جو 1,728 ملین روپے کا نمایاں اضافہ ظاہر کرتی ہے ۔مالی سال 2024-25 کی پہلی سہ ماہی میں فروخت کی لاگت 1,483 ملین روپے تک پہنچ گئی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 1,244 ملین روپے تھی۔ مزید برآں کمپنی کا بعد از ٹیکس منافع 386 ملین روپے رہا جو 5.75 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے ۔ چیئرمین آفتاب منظور نے کہا کہ اگرچہ 5.75 فیصد اضافہ ایک مثبت قدم ہے لیکن ہم مسلسل کوششوں کی ضرورت کو تسلیم کرتے ہیں۔ اسٹریٹجک اقدامات نے ہماری مارکیٹ پوزیشن کو مضبوط کیا ہے اور ہم اپنی مصنوعات کی پیش کشوں کو بڑھانے اور حصص یافتگان اور صارفین کو یکساں طور پر قدر فراہم کرنے کے لیے اپنی رسائی کو بڑھانے پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔