اسٹاک ایکسچینج:تیزی، انڈیکس 96 ہزارکی سطح چھو کر واپس

اسٹاک ایکسچینج:تیزی، انڈیکس 96 ہزارکی سطح چھو کر واپس

کراچی(آن لائن)پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا تاریخی بلندی کی جانب سفر جاری ہے۔کاروباری ہفتے کے دوسرے دن مارکیٹ پہلی بار 96 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کرگیا تاہم انڈیکس اس سطح کو برقرار نہ رکھ سکا اور 95800 کی سطح پر بند ہوا۔

مارکیٹ سرمائے میں 99 ارب روپے کا منافع ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 123 کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ 54 فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ ماہرین کے مطابق فارن ڈائریکٹ انوسٹمنٹ اور زرمبادلہ ذخائر میں اضافے کیساتھ برآمدات بڑھنے اور شرح سود میں آئندہ ماہ متوقع کمی کا امکان،آئی ایم ایف کا پاکستان کی معاشی صورتحا ل پر اطمینان جیسے عوامل پر انوسٹرز سرگرم نظر آئے اور ریفائنری، بینکنگ، سیمنٹ،فارما سیکٹرز میں تیزی دیکھی گئی ۔کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای 100 انڈیکس861پوائنٹس کے اضافے سے 95 ہزار 856 پوائنٹس پر جا پہنچا ،اسی طرح کے ایس ای30 انڈیکس 201پوائنٹس کے اضافے سے 29 ہزار 682 پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 60 ہزار 711 پوائنٹس سے بڑھ کر 61 ہزار 205 پوائنٹس پربندہوا۔ سرمایہ بڑھ کر 123 کھرب 32 ارب روپے ہوگیا۔منگل کو 30ارب روپے مالیت کے 83 کروڑ 9 لاکھ 31 ہزار حصص کے سودے ہوئے۔ مجموعی طور پر460کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 249کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،156میں کمی اور میں استحکام رہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں