ایتھوپیا افریقہ کا گیٹ وے ، پاکستان فائدہ اٹھائیں، سفیر
کراچی (بزنس رپورٹر)ایتھوپیا کے سفیر جمال بکر عبداللہ نے کہا ہے کہ ایتھوپیا افریقی ممالک کا گیٹ وے ہے جہاں گزشتہ سال جی ڈی پی نمو 8.1 فیصد رہی۔
پاکستانی صنعتکار اور سرمایہ کار افریقی ممالک میں درپیش ویزے کی دشواری سے بچنے کیلئے ایتھوپیا کو اپنا بزنس حب بنا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی)میں بزنس کمیونٹی سے خطاب میں کیا۔ جمال بکر عبداللہ نے مزید کہا کہ ایتھوپیا امپورٹ پر مبنی معیشت ہے ، جہاں 98 فیصد بجلی قابل تجدید توانائی سے حاصل کی جاتی ہے ، جو 0.003 سینٹ فی یونٹ کی انتہائی کم قیمت پر دستیاب ہے ۔ پاکستانی صنعتکاروں کو ایتھوپیا میں سرمایہ کاری پر ٹیکس چھوٹ بھی دی جائیگی جبکہ صنعتکار اپنی مصنوعات ایتھوپیا میں تیار کرکے نہ صرف ایکسپورٹ کر سکتے ہیں بلکہ مقامی مارکیٹ میں بھی فروخت کر سکتے ہیں۔