اسٹاک ا یکسچینج: نیا ریکارڈ، 1لاکھ1ہزارکی حدبھی عبور
کراچی(آن لائن)اسٹاک مارکیٹ نے کاروباری ہفتے کے آخری روزبلندیوں کا ایک اور نیا ریکارڈ قائم کردیا ۔پہلی بارہنڈیرڈ انڈیکس1لاکھ1ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا،اس دوران سرمایہ کاروں کو 168ارب کامنافع ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کا حجم 127کھرب سے بڑھ کر 128کھرب ہو گیا۔
مارکیٹ کے مجموعی کاروبار میں تقریبا 1.27 فیصد اضافہ ہواجبکہ 58فیصد حصص کی بھی قیمتیں بڑھ گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا۔ماہرین کے مطابق مثبت معاشی اشاریوں ،شرح سود میں مزید کمی کی توقعات،روپے کی قدر میں بہتری،مہنگائی میں کمی جیسے عوامل اسٹاک مارکیٹ کو بلندیوں کی جانب گامزن رکھے ہوئے ہیں۔کاروبار کے اختتام پر 100انڈیکس 1274پوائنٹس کے اضافے سے 1 لاکھ 1 ہزار 357 پوائنٹس پر بند ہوا،اسی طرح ے ایس ای 30 انڈیکس 294پوائنٹس کے اضافے سے 31 ہزار 488 پوائنٹس پر جا پہنچا جبکہ آل شیئرز انڈیکس 63 ہزار 83 پوائنٹس سے بڑھ کر63ہزار920پوائنٹس پر جاپہنچا۔ جمعہ کو35ارب روپے مالیت کے 91 کروڑ 55 لاکھ 9 ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ جمعرات کو 39 ارب روپے مالیت کے 1ارب16کروڑ47لاکھ حصص کے سودے ہوئے تھے ۔ مجموعی طور پر 454 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 265 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،137میں کمی اور52میں استحکام رہا۔