زرعی شعبے میں اصلاحات وقت کی ضرورت،حیدر آباد چیمبر
حیدرآباد(آن لائن)حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر سلیم میمن نے کہا کہ پاکستان کے زرعی شعبے میں فوری اصلاحات وقت کی اَشد ضرورت ہے ۔
اُنہوں نے نہ صرف وزیر اعظم شہباز شریف بلکہ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کوبھی زرعی شعبے میں اصلاحات کے سلسلے میں خط لکھ کر زرعی شعبے کی بحالی کیلئے 25 سالہ جامع زراعتی پالیسی تشکیل دینے پر زور دیا جس میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اَثرات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے فصلوں کی منصوبہ بندی کی جائے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ زراعت کا معیشت میں بنیادی کردار ہے اور یہ شعبہ 20 فیصد معیشت اور 40 فیصد آبادی کے روزگار کا ذریعہ ہے ، تاہم موجودہ حالات میں یہ شعبہ بے شمار مسائل کا شکار ہے جنہیں نظر انداز کرنا مزید نقصان کا باعث بنے گا۔ صدر چیمبر سلیم میمن نے کہا کہ پاکستان میں زراعت کو سب سے بڑا چیلنج پانی کی قلت اور موسمیاتی تبدیلی کے اَثرات ہیں۔