اسٹاک ایکسچینج:دونفسیاتی حدیں گرگئیں ،237ارب خسارہ

اسٹاک ایکسچینج:دونفسیاتی حدیں گرگئیں ،237ارب خسارہ

کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج میں شیئرز رقوم کے تصفیے اور رول اوور ویک کا دباؤ مارکیٹ کو شدیدمندی میں مبتلا کرگیا۔

مثبت معاشی اشاریوں کے باوجود اسٹاک ایکسچینج جمعرات کوشدید مندی میں مبتلا ہوکر یکے بعد دیگرے 2نفسیاتی حد کھو بیٹھی، 100 انڈیکس کی 1لاکھ 12ہزار اور 1لاکھ 11ہزار کی 2 سطحیں گرگئیں۔ اس دوران سرمایہ کاروں کو 237 ارب کا نقصان ہوا جس سے سرمائے کا مجموعی حجم 14251 ارب روپے سے کم ہو کر 14014ارب روپے رہ گیا ، کاروباری حجم منگل کی نسبت 29فیصد کم رہا جبکہ 63.11فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز کاروبار کا آغاز 65پوائنٹس کی تیزی سے ہوا لیکن مالیاتی شعبوں کی جانب سے پرانے سودوں کے تصفیوں اور سال اختتام پر کمپنیوں کی جانب سے بیلنس شیٹ منافع بخش بنانے کی غرض سے پرانے سودوں کی ایڈجسٹمنٹس کے لیے شیئرز کی فروخت سے مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی۔کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای 100 انڈیکس 1991 پوائنٹس کی کمی سے 110423پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا،اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس اور آل شیئر انڈیکس میں بھی مندی رہی ۔جمعرات کو 33ارب روپے مالیت کے 62 کروڑ 80 لاکھ 26 ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ منگل کو 54ارب روپے مالیت کے 88 کروڑ 5 لاکھ 98ہزارحصص کے سودے ہوئے تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں