ڈالر کی قدر میں کمی ،تولہ سونا1400روپے مہنگا
کراچی (بزنس ڈیسک) زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں جمعرات کو ڈالر کے مقابلے میں روپیہ تگڑا رہا، ادھر سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 10پیسے کی کمی سے 278.37روپے پر آگیا۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 11 پیسے کی کمی سے 279.40روپے پرآگیا۔ دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 14ڈالر کے اضافے سے 2628ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے کے باعث مقامی سطح پربھی فی تولہ سونا 1400روپے کے اضافے سے 2لاکھ 74 ہزار روپے کا ہوگیا۔اسی طرح دس گرام سونا 1200روپے کے اضافے سے 2لاکھ 34 ہزار 911 روپے پر آگیا۔ چاندی کی فی تولہ قیمت3350روپے پر مستحکم رہی۔