اسٹاک ایکسچینج : شدید مندی، 61 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں
کراچی(بزنس رپورٹر)پاک افغان کشیدگی، نان فائلرز پر اسٹاک ایکسچینج میں ممکنہ پابندی کی خبر اور پرافٹ ٹیکنگ یہ تمام عوامل مارکیٹ کو شدید مندی کی لپیٹ میں لے گئے۔۔۔
اسٹاک مارکیٹ کا آغاز مثبت زون سے ہوا، تاہم کچھ ہی دیر بعد مندی کے آثار رونما ہوئے اور ہنڈریڈ انڈیکس 1 لاکھ 16 ہزار کی نفسیاتی حد سے گر کر 1 لاکھ 13 ہزار کی حد پر آگیا تھا، مندی کے سبب 61فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے 42ارب 55کروڑ 19لاکھ 83ہزار 223روپے ڈوب گئے ۔ مثبت معاشی اشاریوں کے سبب کاروبار کے آغاز پر 588 پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی ،افغان تخریب کاروں کی ملنے والی مخصوص کمپنیوں کے کاروبار کو تباہ کرنے کی دھمکیوں سے اضطرابی کیفیت میں مبتلا سرمایہ کار مخصوص کمپنیوں کے حصص کی فروخت کو مسلسل ترجیح دیتے رہے جس سے ایک موقع پر انڈیکس شدید گراوٹ سے 2577پوائنٹس کی شدید مندی سے انڈیکس کی 1لاکھ 16ہزار 1لاکھ 15ہزار اور 1لاکھ 14ہزار پوائنٹس کی تین سطحیں گرگئی تھیں ، تاہم متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کے لیے 2ارب ڈالر مالیت کے قرضوں کی موخر ادائیگیوں کی سہولت دینے کی خبر سے اسٹاک مارکیٹ میں ریکوری ہونا شروع ہوئی اور مندی کی شدت میں کمی واقع ہوئی جسکے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 202.44پوائنٹس کی کمی سے 116052.68پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا،کے ایس ای 30 انڈیکس 25.76پوائنٹس کی کمی سے 36577.60پوائنٹس، کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 212.30 پوائنٹس کی کمی سے 71761.59 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔