جرمنی میں ہیم ٹیکسٹل شروع، پاکستانی کمپنیوں کی بھرپور شرکت

کراچی(بزنس ڈیسک)جرمنی کے تجارتی شہر فرینکفرٹ میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی سب سے بڑی عالمی نمائش ہیم ٹیکسٹل 2025 شروع ہوگئی ہے۔
اس چار روزہ نمائش میں ریکارڈ تعداد میں پاکستانی کمپنیاں شرکت کررہی ہیں جن کی مجموعی تعداد 275 ہے۔ 14 جنوری سے شروع ہونے والی اس نمائش میں پاکستان چوتھا بڑا نمائش کنندہ ہے۔ نمائش میں پاکستانی ٹیکسٹائل کمپنیوں کی جانب سے ہوم ٹیکسٹائل، ٹاولز، بیڈ لینن، اپیرل اور دیگر مصنوعات کی نمائش کی جارہی ہے ۔نمائش میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان کی جانب سے پاکستانی پویلین بھی لگایا گیا ہے۔ نمائش کے پہلے روز پاکستانی قونصل جنرل شفاعت احمد کلیم اور پاکستانی ٹریڈ قونصلر آمنہ نعیم نے بھی پاکستانی اسٹالز کا دورہ کیا۔ اس نمائش سے پاکستانی ٹیکسٹائل کمپنیوں کو بھاری برآمدی آرڈرز ملنے کی توقع ہے۔